حکومت کو گرانے کی ضرورت نہیں پڑے گی عوام دشمن اقدامات اور مہنگائی کے بوجھ تلے دب کر خود ہی ختم ہو جائے گی ، محمد اشرف بھٹی

بدھ 12 اگست 2020 22:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2020ء) پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ اس حکومت کو گرانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ یہ اپنے ہی عوام دشمن اقدامات اور مہنگائی کے بوجھ تلے دب کر خود ہی ختم ہو جائے گی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو بتا دیا ہے کہ میں حکومت کو گھر جاتا ہوا دیکھ رہا ہوں رواں سال حکومت کے گھر جانے کا سال ثابت ہو گا اور پھر اس کے بعد نئے الیکشن کے نتیجے میں بلاول بھٹو وزیراعظم بنیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کے غم و غصہ کو ٹھنڈا کرنے کے لئے کبھی مرغیاں دیتے ہیں کبھی بھینسیں اور کبھی کٹے دیتے ہیں لیکن حکمران آگاہ رہیں اس طرح کے لالی پاپ زیادہ دیر نہیں چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمرانی حکومت عملی طور پر ناکام ہو چکی ہے اس کے پاس عوام کے مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں جس کی وجہ سے ملک و قوم کا وقت اور پیسہ برباد ہو رہا ہے نئے پاکستان کے دعوے داروں نے عوام سے روٹی کپڑا اور مکان بھی چھین لیا ہے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے جو غریبوں کی مدد ہو رہی تھی ان سے وہ رقوم بھی چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے۔