نوجوانوں نے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے درست قدم اٹھایا تو روشن کل ان کا ہے ،بلاول بھٹو زرداری

پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں نوجوانوں کی آبادی کا تناسب سب سے زیادہ ہے، نوجوانوں کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانا اور انہیں ملکی معاملات میں شراکت دار بنانا پیپلز پارٹی کا منشور ہے،چیئرمین پیپلزپارٹی کا نوجوانوں کے عالمی دن پر پیغام

بدھ 12 اگست 2020 23:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی اکثریت نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل ان کا ہے، اگر اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے درست قدم اٹھائے تو روشن کل بھی آپ کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقعے پر اپنے پیغام میں کیا ہے، جو آج(بدھ) دنیا بھر میں منایا جارہا ہے۔

پاکستانی آبادی کا 64 فیصد افراد کی عمر 30 سال سے کم ہے اور پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں نوجوانوں کی آبادی کا تناسب سب سے زیادہ ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ نوجوانوں کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانا اور انہیں ملکی معاملات میں شراکت دار بنانا پیپلز پارٹی کا منشور ہے، اور پارٹی کی عوامی حکومتوں نے ہمیشہ نوجوان دوست پالیسیاں متعارف کروائی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پہلے سیاسی رہنما تھے، جنہوں نے ملک بھر میں نوجوانوں کو متحرک کیا، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے نوجوانوں کی ترقی کے لئے نئی راہیں کھولیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس کی حکومتوں نے پاکستان میں سب سے زیادہ تعلیمی ادارے قائم کیے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں عوامی حکومت نے تمام بلدیاتی اداروں میں خصوصی نشستیں مختص کرکے نوجوانوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا ہے اور آئندہ انتخابات میں بھی یہ تسلسل جاری رکھا جائے گا۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اب نوکریوں اور ملازمتوں کے جھوٹے دعویداروں کو بے نقاب کرنے کے لئے پرعزم ہیں، جو ان کا استحصال کرنے اور ان کے خوابوں کو برباد کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوان اب آئین و پارلیمان کی بالادستی کی چھتری تلے جمہوریت کا فروغ اور خوشحالی کا ایجنڈا چاہتے ہیں تاکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کا موقعا میسر ہو۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان عالمی کینواس پر ایک ناقابل تسخیر ترقی یافتہ ملک بن کر ابھرنے کے لیئے اب اپنے جوان بیٹوں و بیٹیوں کی جانب دیکھ رہا ہے۔