پاکستان کا 73 واں یوم آزادی کل 14اگست کو قومی جذبے ، ملی جوش و خروش کیساتھ منایا جائیگا

ملک بھر میں دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ، خوشحالی کیلئے دعائوں سے ہوگا دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی جائیگی ،پرچم کشائی کی تقریبات ہونگی

جمعرات 13 اگست 2020 11:25

پاکستان کا 73 واں یوم آزادی کل 14اگست کو قومی جذبے ، ملی جوش و خروش کیساتھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2020ء) پاکستان کا 73واں یوم آزادی کل(جمعہ) 14 اگست کو قومی جذبے اور ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا ۔دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعائوں سے ہوگا ،وفاقی دارالحکومت میں31 اور صوبائی دارالحکومتوںمیں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی ۔

ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی ،سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مقررین جدوجہد آزادی کی تحریک میں دی جانے والی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے ۔ تمام تقریبات میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشات کے پیش نظر مرتب کئے گئے ایس او پیز کو پیش نظر رکھا جائے گا ۔حکومتی ، سرکاری شخصیات اورپاک افواج کے افسران ،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزار مبارک پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کریں گے ۔

(جاری ہے)

ملک کے مختلف مقامات پر تحریک آزادی پاکستان کے شہداء کے لئے بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا ۔ دوسری جانب گھروں اور گلی محلوں کو خوبصورت جھنڈیوں اور پرچموں سے سجادیاگیا ہے ۔ اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرادئیے گئے ہیںا ور اس کے ساتھ چراغاں بھی کیا گیا ہے ۔ملک بھر میں چھوٹے بڑے بازاروں میں ہر طرف قومی پرچموں کی بہار ہے اور بڑے پیمانے پر بیجز ، جھنڈیوں اور قومی پرچم کی طرز پر لباس کی خریداری کی گئی ہے ۔

تاجروں کی مختلف تنظیموں نے پاکستان کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کے لئے تجارتی مراکز میں ملی نغموں اور قومی ترانے کی دھنیں پیش کرنے کے لئے سائونڈ سسٹم بھی لگا دئیے ہیں۔جشن آزادی کے موقع پرپاکستان ٹیلی وژن ،ریڈیو پاکستان سمیت نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو چینلز پر خصوصی پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے ۔جبکہ جشن آزادی کے موقع پر دہشتگردی کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

وفاقی وزارت داخلہ کے احکامات کے بعد تمام صوبوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔اہم شہروں کے داخلی اور خارجی راستوںںپرسکیورٹی کو ہائی الرٹ کر کے چیکنگ کا نظام مزید سخت کر دیاگیا ہے۔ جشن آزادی کی تقریبات کے مقامات پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے ۔