آئی پی ایل فرنچائز راجستھان رائلز کے کوچ ڈیشانت کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا

بھارت کورونا کیسز رکھنے والے ممالک میں سب سے نمایاں ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 13 اگست 2020 12:29

آئی پی ایل فرنچائز راجستھان رائلز کے کوچ ڈیشانت کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13اگست 2020ء ) انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) فرنچائز راجستھان رائلز کے فیلڈنگ کوچ ڈیشانت کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فرنچانرز کی جانب سے آئی پی ایل میں شرکت کیلئے اگلے ہفتے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانگی سے پہلے تمام کھلاڑیوں اور سٹاف کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے تو ادھیاپور سے تعلق رکھنے والے ڈیشانت کی رپورٹ مثبت آئی جس پر انہیں ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے جہاں وہ 14 روز کیلئے قرنطینہ میں رہیں گے۔

بھارتی بورڈ کے پروٹوکول کے تحت ڈیشانت کو قرنطینہ کے بعد دو منفی ٹیسٹ رپورٹس کے بعد سکواڈ کو جواِئن کرنے کی اجازت ہوگی۔ واضح رہے کہ ایشیاءکرکٹ کپ اور ٹی 20 ورلڈکپ ملتوی ہونے کے بعد آئی پی ایل کے انعقاد کیلئے بھارت کی راہ ہموار تو ہو گئی مگر کورونا وائرس کی ابتر صورتحال کے باعث یہ ٹورنامنٹ بھارت میں منعقد نہ ہو سکا اور اس مرتبہ یو اے ای میں کھیلا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 22 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔بھارت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد امریکا اور برازیل کے مقابلے میں نسبتاً کم ہے لیکن بھارت میں اموات کی تعداد بہت کم بتائی جارہی ہے۔ خیال رہے کہ بھارت میں کورونا سے اب تک 45 ہزار سے کم افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔