14اگست کا دن تاریخ کے اوراق پر ہمارے لیئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے‘شاہ غلام قادر

اقوام کی زندگی میں ایسے دن بھی نمودار ہوتے ہیں جوکہ تاریخ کے اوراق پر ہمیشہ قائم و دائم رہتے ہیں‘سپیکر قانون ساز اسمبلی

جمعرات 13 اگست 2020 13:40

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2020ء) شاہ غلام قادر سپیکر قانون ساز سمبلی آزاد جموں و کشمیر نے یوم آزادی کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اقوام کی زندگی میں ایسے دن بھی نمودار ہوتے ہیں جوکہ تاریخ کے اوراق پر ہمیشہ قائم و دائم رہتے ہیں۔14اگست کا دن تاریخ کے اوراق پر ہمارے لیئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔14اگست1947ء کے دن قائد اعظم محمد علی جناح کی عظیم قیادت کے پُختہ عزم و یقین محکم نے خواب کو حقیقت کا رُوپ دیتے ہوئے بر صغیر کے مُسلمانوں کے لیئے ہندو انتہاپسندوں سے الگ تھلک آزاد و خودمختار ریاست اسلامی جمہوریہ پاکستان حاصل کر کے احسان عظیم کیا۔

آج ہندوو،ْں کے بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ظلم و زیادتی سے بھرے دہشت گردانہ کردار نے ثابت کر دیا ہے کہ ہمارے عظیم قائد محمد علی جناح نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہر فورم پر یہ واضح کر کے کہ ہندو و،ْں اور مُسلمانوں کو ایک ساتھ رکھنا ناممکن ہے، بالکل دُرست سوچ اور فیصلہ تھا ۔

(جاری ہے)

اب دُشمن بھی اس بات کے معترف ہیں۔ ۔اس طرح مُسلمانوں کے لیئے مُسلم اکثریتی علاقے جو کہ قریب قریب واقع تھے پر مشتمل الگ ریاست کے قیام کی حتمی شکل پاکستان کی صورت میں حاصل کر لی۔

14اگست کا ہی دن تھا جب اس عزم کو پزیرائی نصیب ہوئی اور پاکستان دُنیا کے نقشے پر اُبھرا۔ یہ معرکہ کوئی عام نوعیت کا نہ تھا بلکہ یہ ایک ایسا کارنامہ تھا جو کہ بظاہر ہر لحاظ سے ناممکن نظرآ رہا تھا۔ پرخلوص قیادت اور قوم کی عظیم قُر بانیوں نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔پاکستان کی آزادی جدوجہد طویل اور انتہائی صبر آزما ہے۔ آزادی قُربانیوں کی متقاضی تو ہے ہی مگر جس قدر عظیم قُربانیاں پاکستان کے حصول کے لیئے دی گئیں اُن کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

آزادی کی شمع پر لاکھوں پروانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے ثابت کیا کہ آزادی بیٹھے بٹھائے نہیں ملتی بلکہ اس کے لیے جان جیسی پیاری چیز کو بھی قُربان کرنا پڑتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اب ہم پر فرض عائد ہوتا ہے کہ پاکستان پر آنچ نہ آنے دیں اور اس کی حفاظت کے لیئے ہر قُربانی دینے کے لیئے ہمہ وقت تیار رہیں کیونکہ آزادی بڑی نعمت ہے جس سے آگے کامیابی کے تمام چشمے پُھوٹتے ہیں ۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور نہتے کشمیریوں کی قُربانیوں کی مثال نہیں ملتی۔ بھارت کا ہر وار اُلٹا پڑتا جا رہا ہے ، انشاء اللہ وہ وقت دُور نہیں کہ جب مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی طویل غلامی کا سورج غروب اور آزادی کا سورج طلوع ہو گا اور کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ شامل ہونے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔