ٹویٹر کا امریکی انتخابات میں بذریعہ ڈاک ووٹنگ، قبل از وقت انتخابات سے متعلق غلط طلاعات کے تدارکی قوانین میں توسیع کا فیصلہ

جمعرات 13 اگست 2020 14:06

ٹویٹر کا امریکی انتخابات میں بذریعہ ڈاک ووٹنگ، قبل از وقت انتخابات ..
کیلیفورنیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے امریکی انتخابات میں ڈاک کے زریعے ووٹنگ اور قبل از وقت انتخابات منعقد ہونے سے متعلق غلط اطلاعات کے تدارک کے لیے قوانین میں توسیع اور نئی حکمت عملی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حوالے سے امریکہ میں ٹویٹرکی نائب صدر برائے عوامی پالیسی جیسیکا ہیریرا فلینیگن نے اپنی ای میل میں بتایا کہ غلط معلومات کی روک تھام کے لیے قوانین میں توسیع کے تحت نئی حکمت عملیاں متعارف کرائی جائیں گی جن کا مقصد امریکہ میں 3 نومبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل نہ صرف ڈاک کے ذریعے ووٹنگ اور قبل از وقت انتخابات سمیت ووٹ سے متعلق تمام دستیاب ذرائع بارے صحیح اور سچ پر مبنی معلومات پر توجہ دینا ہے بلکہ شراکت داری ، مختلف طریقوں اور نئی حکمت عملی کے ذریعے ہر اہل فرد کو رجسٹر اور ووٹ ڈالنے کے لئے بااختیار بھی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

ٹویٹر نے کہا کہ وہ ووٹنگ ذرائع، اورنئے طریقوں بارے اقدامات آئندہ ماہ متعارف کرائیں گے اور اسی لیے وہ ڈاک کے ذریعے ووٹنگ، غلط رجسٹریشن سمیت دیگر طریقہ کار کی غلط تشخیص اور کردارکشی کو روکنے اور شہری سالمیت کی حکمت عملیوںکو وسعت دینے بارے تحقیق ) کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے عمل کو فراڈ اور دھاندلی کاطریقہ قرار دیا۔