روس میں تیار کی گئی کورونا کی ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کا جائزہ لیں گے،عالمی ادارہ صحت

جمعرات 13 اگست 2020 15:16

روس میں تیار کی گئی کورونا کی ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کا جائزہ لیں ..
جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ وہ روس میں تیار کی گئی کورونا کی ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کا جائزہ لے گا۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ دنیا میں تیار کی جانے والی 150 ویکسین میں سے 28 کے انسانوں پر تجربات کیے گئے ہیں جبکہ چھ ویکسین تیسرے اور آخری مرحلے پر ہیں جب ان کو لوگوں کی بڑی تعداد کے استعمال میں لا کر تجربہ کیا جاتا ہے،روس کی گامالیا ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے تیار کی گئی ویکسین ان 28 کے درجے میں شامل ہے جن کے کلینیکل ٹرائلز ہو رہے ہیں تاہم ڈبلیو ایچ او کی جانب سے اس کو پہلے فیز یا مرحلے کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے صحت کے عالمی ادارے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈبلیو ایچ او روس کے سائنسدانوں اور حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور ٹرائلز کی تفصیلات کا جائزہ لے رہا ہے۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق ڈبلیو ایچ او کووڈ 19 کے خلاف ویکسین کی تیاری اور ریسرچ میں ہر قسم کی پیش رفت کو خوش آئند سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسین ریسرچ اور تیاری میں تیزی مروجہ طریقہ کار اور اصولوں کے مطابق ہونا ضروری ہے تاکہ جب یہ استعمال کے لیے سامنے آئے تو محفوظ اور مؤثر ہو۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق وبا کے خلاف کوئی بھی محفوظ اور مؤثر ویکسین پوری دنیا کی بہتری کے لیے ہوگی اور ادارہ اس کی تیز رفتار، شفاف اور پوری دنیا میں ہر ایک کی رسائی میں ہونے کی درخواست کرتا ہے۔دوسری جانب برازیل کی ریاست پارانا نے روس سے ویکسین کی خریداری کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور بتایا ہے کہ ٹرائلز مکمل ہونے اور ویکسین کے محفوظ ہونے کے بعد اس کی برازیل میں تیاری کی جائے گی۔واضح رہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ ان کے ملک میں کورونا کی ویکیسن تیار کر لی گئی ہے اور اس کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔