دشمن کی جانب سے اسلحے کے ذخائراکٹھا کرنے سے کبھی مرعوب نہیں ہوں گے، سربراہ پاک فضائیہ

پاک فضائیہ کا ہرفرد ہمارے بہادرسپوتوں کی وراثت کا امین ہے، ایئرچیف مارشل مجاہد انورخان کاآپریشنل ائیربیس کا دورہ

جمعرات 13 اگست 2020 16:49

دشمن کی جانب سے اسلحے کے ذخائراکٹھا کرنے سے کبھی مرعوب نہیں ہوں گے، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2020ء) سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل مجاہد انورخان نے کہاہے کہ پاک فضائیہ بری اوربحری افواج کے شانہ بشانہ مادروطن کی خودمختاری کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیارہے۔سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل مجاہد انورخان نے جمعرات کوآپریشنل ائیربیس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے JF-17B(ڈوئل سیٹ)طیارے میں ایک آپریشنل ٹریننگ مشن میں حصہ لیا۔

ایف 16 طیارہ اڑانے کا وسیع تجربہ رکھنے والے ایئر چیف نے ملک میں تیار کیے گئے اس ڈوئل سیٹ لڑاکا طیارے کی آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔بعد ازاں زمینی اور فضائی عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ایئرچیف نے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جذبے کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ میں JF-17 ڈوئل سیٹ اوربلاک تھری کی شمولیت پاک فضائیہ کی جدیدیت کو برقراررکھنے میں معاون ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کا ہرفرد ہمارے بہادرسپوتوں کی وراثت کا امین ہے جس کا اظہارگزشتہ سال آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کے دوران کیا گیا۔ائیرچیف نے کہا کہ پاک فضائیہ دشمن کی جانب سے اسلحے کے ذخائر اکٹھا کرنے سے کبھی مرعوب نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ بری اوربحری افواج کے شانہ بشانہ مادروطن کی خودمختاری کودرپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ قبل ازیں سربراہ پاک فضائیہ کی بیس آمد پر ائیر آفیسر کمانڈنگ اور بیس کمانڈر نے ان کا استقبال کیا۔