مسلم لیگ نون کے58 کارکنوں کی ضمانتیں منظور

رکن قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر، فیصل کھوکھر، شفیع کھوکھر سمیت 5 افراد نے ضمانت قبل از گرفتاری کروارکھی ہیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 13 اگست 2020 16:48

مسلم لیگ نون کے58 کارکنوں کی ضمانتیں منظور
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 اگست ۔2020ء) سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی پیشی کے موقع پر لاہورمیں قومی احتساب بیورو (نیب) کے آفس کے باہر پتھراﺅ اور لڑائی جھگڑے کے معاملے میں گرفتار کیے گئے مسلم لیگ نون کے 58 کارکنوں کی ضمانتیں منظور کر لی گئیں. ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ حافظ نفیس نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے ضمانتیں منظور کیں نون لیگی رہنما و ایم این اے ملک سیف الملوک کھوکھر، فیصل کھوکھر، شفیع کھوکھر سمیت 5 افراد نے اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کروارکھی ہیں.

(جاری ہے)

ایڈشنل سیشن جج شکیل احمد نے 5 ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست 27 اگست تک منظور کر لی لاہور کی عدالت نے فی کس کو 50 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے تھانہ چوہنگ سے رپورٹ طلب کر لی. درخواست گزاروں نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے مقدمے میں نامزد کیا گیا، گرفتاری کاخدشہ ہے، لہٰذا عدالت درخواستِ ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرے عدالت نے پچاس، پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کرنے کاحکم پراسیکیوشن کے دلائل سننے کے بعد سنایا.

اس موقع پر لاہور کی ضلع کچہری کے دروازوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہورمیں قومی احتساب بیورو (نیب) کے آفس کے باہر سے گرفتار ہونے والے مسلم لیگ نون کے 56 کارکنوں کو لاہور کی عدالت نے14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھانون لیگی کارکنوں کو ہتھکڑیوں میں ضلع کچہری لایا گیا تھا وہ ہاتھوں سے وکٹری کا نشان بنا رہے تھے.

گرفتار کارکنوں کی ضمانت کے لیے نون لیگ کی لیگل ٹیم بھی عدالت میں موجود تھی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں گرفتار ملزمان کی حاضری لگائی گئی اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ گرفتار ملزمان سے برآمدگی اور تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت ہے عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے گرفتار نون لیگی کارکنوں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا دیا تھا.

نیب کی درخواست پر لاہور کے تھانہ چوہنگ میں مسلم لیگ نون کے کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے مقدمے میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناءاللہ، پرویز رشید، زبیر محمود، جاوید لطیف، دانیال عزیز اور پرویز ملک سمیت 188 لیگی راہنماﺅں اور کارکنوں کو نامزد کیا گیاتھا.

مسلم لیگ نون کے راہنماﺅں و کارکنوں کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ پتھراﺅ سے 13 پولیس اہلکار زخمی ہوئے چوہنگ تھانے میں درج ایف آئی آر میں 300 نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے. واضح رہے کہ 11اگست کو مسلم لیگ نون کی مرکزی رہنما اور نائب صدر مریم نواز کی اراضی کیس میں نیب پیشی کے موقع پر کارکنوں اور پولیس کے درمیان شدید ہنگامہ ہو ا تھا پتھراﺅ، لاٹھی چارج، شیلنگ سے علاقہ میدان جنگ بن گیا تھا، نیب آفس کے شیشے ٹوٹ گئے، کئی نون لیگی کارکن اور اہلکار زخمی ہوئے.