دُبئی سے شارجہ اور ابوظبی کا سفر کرنے والوں کے لیے خوشخبری

شارجہ اور ابوظبی کے لیے انٹرسٹی بس سروس جلد بحال ہوجائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 13 اگست 2020 17:21

دُبئی سے شارجہ اور ابوظبی کا سفر کرنے والوں کے لیے خوشخبری
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 اگست 2020ء) کورونا وائرس کی وبا کے باعث دُبئی نے اپریل 2020ء میں دیگر اماراتی ریاستوں کے لیے انٹرسٹی بس سروس معطل کر دی تھی۔ بعد میں رس الخیمہ اور عجمان کے لیے بس سروس بحال کر دی گئی البتہ شارجہ اور ابوظبی کے لیے بس سروس فی الحال شروع نہیں ہو سکی۔تاہم دُبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے امارات میں مقیم افراد کو خوشی کی خبر سُنا دی ہے۔

روڈز اتھارٹی کی جانب سے اعلان کیا گہا ہے کہ شارجہ اور ابوظبی کے لیے انٹرسٹی بس سروس جلد بحال کر دی جائے گی جو کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر اپریل 2020ء میں معطل کر دی گئی تھی۔خلیج ٹائمز کو بھیجے گئے ایک بیان میں روڈز اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے ”فی الحال راس الخیمہ اور عجمان کے لیے انٹرسٹی بس سروس جاری ہے۔

(جاری ہے)

تاہم دیگر اماراتی ریاستوں کے لیے بس سروس بحال کرنے کی خاطر متعلق حکام سے بات چیت جاری ہے جس میں کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کروانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

“دُبئی اور عجمان کے درمیان E400 اور E411 انٹرسٹی بس رُوٹس 19 جولائی کو بحال ہو گئے تھے۔انٹرسٹی بس سروسE400 کی پہلی بس یونین سکوائر بس اسٹیشن سے صبح 4:25 پر روانہ ہوتی ہے جبکہ آخری بس رات 11 بجے روانہ ہوتی ہے۔ عجمان جانے والی اس بس کا کرایہ 12 درہم ہے۔ جبکہ 411 بس سروس اتصالات میٹرو سٹیشن سے صبح 5 بجے شروع ہوتی ہے اور رات 11 بجے آخری بس نکلتی ہے۔ دُبئی اور راس الخیمہ کے درمیان بھی بس سروس جاری ہو چکی ہے۔ یونین سکوائر بس اسٹیشن سے صبح شروع ہونے والی یہ بس سروس رات 11 بجے تک جاری رہتی ہے۔ ہر دو گھنٹے بعد بس روانہ ہوتی ہے۔ دُبئی سے راس الخیمہ کے درمیان بس سروس کا کرایہ 25 درہم مقرر کیا گیا ہے۔