وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا وژن ایف او کے تحت کورونا عالمی وبائی چیلنج کے دوران دنیا بھر میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانیوں کی پذیرائی کیلئے ’’فارن منسٹرز آنرز لسٹ‘‘ کا اعلان

فارن منسٹر آنرز لسٹ میں شامل پاکستانیوں نے کورونا وبا کے دوران اپنی گرانقدر خدمات سے ملک و قوم کا نام روشن کیا ،ان پاکستانیوں نے صحیح معنوں میں پاکستان کا سفیر ہونے کا حق ادا کیا اور اپنے طرزِ عمل سے ملک کیلئے نیک نامی کا باعث بنے، میں ان سب شخصیات کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا فارن منسٹر آنرز لسٹ کے اعلان کے لئے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب

جمعرات 13 اگست 2020 18:45

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا وژن ایف او کے تحت کورونا عالمی وبائی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وژن ایف او کے تحت کورونا عالمی وبائی چیلنج کے دوران دنیا بھر میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانیوں کی پذیرائی کیلئے ’’فارن منسٹرز آنرز لسٹ‘‘ کا اعلان کر دیا۔ آنرز لسٹ کا باقاعدہ اعلان جمعرات کو وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت صدارت منعقدہ خصوصی تقریب میں کیا گیا۔

فارن منسٹرز آنرز لسٹ میں شامل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مختلف کیٹگریز کے تحت منتخب کیا گیا ہے۔ پہلی کیٹگری میں وہ شہداء شامل ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر انسانیت کی خدمت جاری رکھی اور اپنی جان جان آفرین کے سپرد کر دی۔ دوسری کیٹگری میں وہ ہیلتھ ورکرز/ڈاکٹرز شامل ہیں جنہوں نے مثالی خدمات سر انجام دیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کو بچایا۔

(جاری ہے)

تیسری کیٹگری میں وہ شخصیات شامل ہیں جنہوں نے کورونا وبا کے دوران امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ چوتھی کیٹگری میں سمندر پار مقیم وہ پاکستانی شامل ہیں جنہوں نے پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ مل کر پاکستانی کمیونٹی کیلئے مثالی خدمات سر انجام دیں جبکہ پانچویں کیٹگری میں وہ اوورسیز سماجی تنظیمیں شامل ہیں جنہوں نے کورونا وبا کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی دل کھول کر مدد کی۔

اس آنرز لسٹ میں دنیا بھر میں مقیم 86 پاکستانیوں کا نام شامل ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان پاکستانیوں نے کورونا وبا کے دوران اپنی گرانقدر خدمات سے ملک و قوم کا نام روشن کیا۔ آنرز فہرست میں شامل پاکستانیوں نے صحیح معنوں میں پاکستان کا سفیر ہونے کا حق ادا کیا اور اپنے طرزِ عمل سے ملک کیلئے نیک نامی کا باعث بنے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں ان سب شخصیات کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ فارن منسٹرآنرز لسٹ کا اجراء سالانہ بنیادوں پر کیا جائے اور دنیا بھر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے پاکستانیوں کی پذیرائی کی جائے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے خارجہ عندلیب عباس، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران موجود تھے۔