قائد اعظم جیسے رہنما صدیوں میں ایک پیدا ہوتے ہیں جو تاریخ کا رخ موڑ دیتے ہیں،سید مصطفی کمال

پاکستانی قوم تا قیامت قائد اعظم سمیت تحریک آزادی پاکستان کے ایک ایک مجاہد کی مقروض رہے گی،چیئرمین پاک سرزمین پارٹی

جمعرات 13 اگست 2020 19:28

قائد اعظم جیسے رہنما صدیوں میں ایک پیدا ہوتے ہیں جو تاریخ کا رخ موڑ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2020ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے تمام اہلِ وطن اور دنیا بھر میں جہاں جہاں پاکستانی ہیں انکو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح جیسے رہنما صدیوں میں ایک پیدا ہوتے ہیں جو تاریخ کا رخ موڑ دیتے ہیں۔ آج کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کیساتھ جو ظلم جاری ہے اسے دیکھ کر پاکستانی قوم تا قیامت قائد اعظم سمیت تحریک آزادی پاکستان کے ایک ایک مجاہد کی مقروض رہے گی۔

ہمیں پاکستان کی نا صرف حفاظت کرنی ہے بلکہ قائد اعظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم پر عمل پیرا ہوکر اسکو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا ہے۔ پاکستان کی ترقی کے لئے تمام پاکستانیو کو نا صرف اپنے فرائض منصبی پوری ایمانداری اور انتہائی محنت کیساتھ انجام دینے ہونگے بلکہ ہمیں رنگ، نسل، مذہب، زبان اور برادری سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کی مدد کر کے ملی اخوت اور بھائی چارے کے جذبے کے ساتھ چلنا ہوگا، نظریات کے اختلاف کو دشمنی میں تبدیل ہونے سے بچانا ہوگا، یہی پاکستان کی خدمت اور پاک سر زمین پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالی ہم سب سے ایسے کام لے کہ ہم پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنا سکیں، یاد رکھیں کہ پاکستان کی مضبوطی عام پاکستانی کے مضبوط ہونے میں ہے اور عام پاکستانی صرف اسوقت مضبوط ہوگا جب اسکو تمام بنیادی سہولیات میسر ہونگی اور بنیادی سہولیات صرف اسی صورت میں میسر ہونگی جب اختیارات اور وسائل نچلی ترین سطح پر منتقل ہو جائیں گے۔ اللہ پاکستان کو ہر گزرتے دن کیساتھ مضبوط سے مضبوط تر بنادے۔