وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کا افتتاح کردیا

صوبہ خیبرپختونخوا خاص طور پر پشاور کے شہریوں کو اب سفر کی بہتر اور جدید سہولت مؤثر آسکے گی بی آرٹی پر پہلے میرے بھی تحفظات تھے ،میں غلط پرویز خٹک درست ثابت ہوئے ، عمران خان کا خطاب

جمعرات 13 اگست 2020 20:00

وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کا افتتاح کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2020ء) وزیراعظم عمران خان نے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کا افتتاح کردیا،صوبہ خیبرپختونخوا خاص طور پر پشاور کے شہریوں کو اب سفر کی بہتر اور جدید سہولت مؤثر آسکے گی۔افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں ہوگا، عوام کی زندگی میں بہتری اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اس بات کا اعتراف کیا کہ بی آر ٹی پر پہلے انہیں بھی تحفظات تھے لیکن پرویز خٹک درست ثابت ہوئے وہ کہتے تھے کہ جب بی آر ٹی بن جائے تو پھر دیکھیں۔انہوں نے کہا کہ میں اعتراف کرتا ہوں پشاور بی آر ٹی منصوبے پر مجھے تحفظات تھے، پرویز خٹک پشاور بی آر ٹی منصوبے پر پراعتماد تھے، پرویز خٹک ٹھیک تھے اور میں غلط تھا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ بی آر ٹی کے باعث شہر میں ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آئے گی۔

انہوںنے کہاکہ بی آر ٹی کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں ہوگا، عوام کی زندگی میں بہتری اولین ترجیح ہے، ہائبرڈ بسوں سے آلودگی میں کمی ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ میں کے پی حکومت اور وزیراعلیٰ محمود خان کو بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل پر مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کا کرایہ 10 روپے سے 50 روپے تک ہر فرد براشت کرسکتا ہے، طلبہ کے لیے بھی بی آر ٹی کے ٹکٹس رکھیں، بی آر ٹی کے روٹ کے ساتھ سارے ہسپتال بھی منسلک ہیں، بی آر ٹی سے بہترین سفری سہولت ملی ہے، اس سے خوشحالی آئے گی۔

انہوںنے کہاکہ یہ پاکستان میں سب سے بہترین میٹرو بس سروس منصوبہ ہے اور یہ تھرڈ جنریشن ہے جس کے اثرات پشاور میں پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے، اس کا مرکزی کوریڈور 27 کلومیٹر ہے جبکہ فیڈرز روٹ 60 کلو میٹر ہے جس سے پورا پشاور کور ہوجائے گا اور شہر کے لیے یہ ایک جدید منصوبہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس منصوبے کی بسز ہائبرڈ ہیں جس سے پشاور میں آلودگی کی سطح کم ہوگی۔