پنجاب یونیورسٹی میں سابق ایڈیشنل کنٹرولر احمد علی چٹھہ کی یاد تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

پنجاب یونیورسٹی کیلئے علی احمد چٹھہ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، مقررین کا تقریب سے اظہار خیال

جمعرات 13 اگست 2020 20:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2020ء) پنجاب یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سابق ایڈیشنل کنٹرولر احمد علی چٹھہ کی یاد میںالرازی ہال میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمدسلیم مظہر ، صدر آفیسرز ویلفیئر ایسو سی ایشن جلیل طارق، جنرل سیکریٹری رانا مظفر علی ، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان،کنٹرولر امتحانات محمد رئوف نواز، نائب صدر ایلومینائی ایسوسی ایشن راجہ منور، صدر پنجاب یونیورسٹی ہائوسنگ سکیم ٹائون ون ڈاکٹر عصمت اللہ، ڈاکٹرمحمد کامران عابد، چوہدری محمدافتخار ، ڈاکٹر افتخار بلوچ سمیت ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران و اساتذہ نے شرکت کی۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے کہا کہ احمد علی چٹھہ دوسروں کے لئے دیانت، ایمانداری کی مثال تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ احمد علی چٹھہ یونیورسٹی کی تاریخ میں انتہائی محنتی افسر تھے اورایسے افسروں کی وجہ سے ہی پنجاب یونیورسٹی اچھا ادارہ بنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی احمد چٹھہ کے ساتھ پیش آئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں کی جلد از جلد نشاندہی کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

ڈاکٹر محمد خالد خان نے کہا کہ احمد علی چٹھہ زمانہ طالبعلمی سے ہی درویش صفت انسان تھے جو دوسروں کے مسائل حل کرنا اپنا فرض سمجھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہہ احمد علی چٹھہ کی شہادت پر ہر دل افسردہ ہے۔ محمد رئوف نواز نے کہاکہ احمد علی چٹھہ نے شعبہ امتحانات میں امیدواروں کے لئے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے اوراپنے جونیئرز کو ٹریننگ دے کر اس قابل بنایا کہ شعبہ امتحانات کو چلا سکیں۔

راجہ منور نے کہا کہ احمد علی چٹھہ کی کمی ہمیشہ محسوس ہو گی ۔ انہوں نے احمد علی چٹھہ کے قاتلوں کو فوری کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔صدر پنجاب یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئرایسوسی ایشن جلیل طارق نے کہا کہ احمد علی چٹھہ صاف گو، محنتی اور بااصول شخص تھے ۔ انہوں نے کہا کہ احمد علی چٹھہ اپنا اوور ٹائم چھوٹے ملازمین میں بانٹ دیا کرتے تھے اور ان کے ذاتی معاملات میں بھی مدد فراہم کرتے تھے۔

ڈاکٹر کامران عابد نے کہا کہ علی احمد چٹھہ کی زندگی کھلی کتاب کی طرح تھی اور موجودہ افسران کو بھی ان کی تقلید کرنی چاہیے۔ ڈاکٹر افتخار بلوچ نے کہا کہ علی احمد چٹھہ کی پنجاب یونیورسٹی کے لئے خدمات قابل تعریف ہیں۔ چوہدری محمد افتحار نے کہا کہ علی احمد چٹھہ نے ہمیشہ اللہ تعالیٰ سے سعادت کی زندگی اور شہادت کی موت مانگی ۔ انہوں نے کہا کہ تقریب کے اختتام پر علی احمد چٹھہ کی درجات بلندی کیلئے دعا کرائی۔