پاکستان کا لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاج

پاک فضائیہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے . ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 13 اگست 2020 18:56

پاکستان کا لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاج
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 اگست ۔2020ء) پاکستان نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے . بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکارکو دفترخارجہ طلب کیا گیا اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاج کیا گیا پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بھارت نے 12 اگست کوجنگ بندی معاہدےکی خلاف ورزی کی اور بھارتی فورسز کی فائرنگ سے دو شہری زخمی ہوئے ہیں.

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فورسزورکنگ باﺅنڈری پرسول آبادی کومسلسل نشانہ بنارہی ہے جب کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور اقدار کے منافی ہے دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رواں سال 1961 بارسیزفائرمعاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیزی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا ہے.

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے انہوں نے واضح کیا کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور اقدار کے منافی ہے. ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے 16 معصوم شہری شہید اور 160 زخمی ہوئے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے کی اجازت دے.

ادھر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل نے آج ایک آپریشنل ائیر بیس کا دورہ کیا اور ایئر چیف نے جے ایف 17 بی طیارے میں آپریشنل ٹریننگ مشن میں بھی حصہ لیا. ایئر چیف نے ملک میں تیار کیے گئے ڈوئل سیٹ لڑاکا طیارے کی آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ لیا اس موقع پر ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ جے ایف17 ڈوئل سیٹ اور بلاک تھری پاک فضائیہ کے لیے معاون ثابت ہو گی جبکہ پاک فضائیہ کا ہر فرد ہمارے بہادر سپوتوں کی وراثت کا امین ہے.

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ دشمن کی جانب سے اسلحے کے ذخائر اکٹھا کرنے سے کبھی مرعوب نہیں ہو گی جبکہ پاک فضائیہ، بری اور بحری افواج کے شانہ بشانہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے.