دوسرا ٹیسٹ ،بارش کے باعث کھیل روکدیا گیا

پاکستان نے 2 وکٹوں پر 85 رنز بنالیے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 13 اگست 2020 18:57

دوسرا ٹیسٹ ،بارش کے باعث کھیل روکدیا گیا
سائوتھ ہیمپٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13اگست 2020ء ) پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شان مسعود کی وکٹ گنوانے کے بعد ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 62 رنز بنا لیے ہیں۔ پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو پچھلے میچ میں سنچری بنانے والے شان مسعود مایہ ناز انگلش فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن کی گیند پر اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے اور ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

اس کے بعد عابد علی کا ساتھ دینے کپتان اظہر علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران عابد علی دو مرتبہ خوش قسمت بھی رہے جب گیند ان کے بلے کا باہری کنارہ لینے کے بعد سلپ میں گئی لیکن فیلڈر کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور جب بارش کے باعث چائے کا وقفہ، وقت سے پہلے لیا گیا تو پاکستان نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 62 رنز بنائے تھے۔

(جاری ہے)

عابد علی 33 اور اظہر علی 20رنز پر کھیل رہے ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے واحد کامیاب باؤلر جیمز اینڈرسن رہے۔ اس سے قبل پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ اظہر علی نے کہا کہ اس وکٹ پر مانچسٹر کے مقابلے میں زیادہ گھاس ہے لیکن وکٹ اندر سے خشک ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہم اچھا اسکور کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور شاداب خان کی جگہ فواد عالم کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اظہر علی نے کہا کہ اس وکٹ پر ایک اسپنر کافی ہے اور ہم اپنی بیٹنگ کو مضبوط کرنا چاہتے تھے اس لیے ہم نے فواد عالم کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ فواد عالم 11 سال بعد پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں جہاں انہوں نے آخری مرتبہ 2009ء میں ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان مانچسٹر میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انگلینڈ نے میچ کے لیے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں اور بین اسٹوکس اور جوفرا آرچر کی جگہ زیک کرالی اور سیم کرن کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم اظہر علی(کپتان)، شان مسعود، عابد علی، بابر اعظم، اسد شفیق، فواد عالم، محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور نسیم شاہ پر مشتمل ہے جب کہ انگلش ٹیم میں جو روٹ(کپتان)، ڈوم سبلی، روری برنز، زیک کرالی، اولی پوپ، جوز بٹلر، کرس ووکس، ڈوم بیس، سیم کرن، سٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔