Live Updates

گور نر پنجا ب کی پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد

ہم قائداعظم محمد علی جناح ؒکے افکار کے مطابق پاکستان کومضبوط بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں ،چوہدری سرور پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ عنقریب اللہ کے فضل و کرم سے فتح اور آزادی ان کے نصیب میں لکھی جارہی ہے s پوری دُنیا جو آج ذہنی طور پر تزبذب اور فکری اعتبار سے گومگو کی صورت میں مبتلا ہے اس بات کو تسلیم کرے گی کہ کشمیریوں کی آزادی ان کا حق ہے،جشن آزادی کے موقع پر پیغام ، وفود سے گفتگو

جمعرات 13 اگست 2020 21:28

گور نر پنجا ب کی پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2020ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد یتے ہوئے کہا ہے کہ ہم قائداعظم محمد علی جناح ؒکے افکار کے مطابق پاکستان کومضبوط بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں ۔پاکستان کا یہ یوم آزادی کشمیر کی آزادی کے ساتھ منسوب کیا جاتا ہے ۔پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ عنقریب اللہ کے فضل و کرم سے فتح اور آزادی ان کے نصیب میں لکھی جارہی ہے۔

پوری دُنیا جو آج ذہنی طور پر تزبذب اور فکری اعتبار سے گومگو کی صورت میں مبتلا ہے اس بات کو تسلیم کرے گی کہ کشمیریوں کی آزادی ان کا حق ہے۔ وہ جمعرات کے روز جشن آزادی کے موقع پر اپنے پیغام اور گور نر ہائوس میں مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان دُنیا کا وہ واحد اسلامی ملک ہے جو ایٹمی طاقت ہوتے ہوئے بھی اًمن اوراصول پسندی کی نہ صرف حمایت کرتا ہے بلکہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت بھی کرتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ آج 14اگست کا دن یہ عزم لے کر طلوع ہوا ہے کہ پاکستانی قوم خدا پر بھروسہ اور عشق مصطفیؐ سے لبریز ہو کر وطن عزیز کو معاشی، سیاسی اور جمہوری اعتبار سے دُنیا کے بہترین ممالک کی صف میں لاکھڑا کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جمہوریت، اصولی سیاست، قومی و ملی خدمت کو اپنے منشور کا بنیادی نکتہ تصور کرتی ہے اور وہ اس بات پر بھی یقین رکھتی ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں مادروطن کی حرمت و عزت کے لئے نہ صرف ایک پیج پر ہیں بلکہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن اپنے ذہنوں اور مذموم عزائم میں یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ یہ ملک اللہ تعالیٰ کے فضل، رحمت اور اس کے آخری نبی حضرت محمد ﷺ کے طفیل قیامت تک آباد رہے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج کے دن ہم بھارت کو بھی یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم اًمن پسندی کے علمبردار ہیں لیکن ہم ناموس اور عزت کی حفاظت کے لئے جنگ کے بھی خوگر ہیں۔

ہم آج کے دن بھارت کو یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام ہمارے رگوں میں دوڑتے ہوئے خون کی مانند ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ او آئی سی اور اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے بھارتی بربریت پر صرف مذمت نہ کر یں بلکہ کشمیر یوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔ گورنر نے کہا کہ آج کے دن ہم نے یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان ہماری زندگیوں کی ضمانت ہے ،اس کا وجود ہمارا نصب العین ہے اور اس کی بقا ہماری بقا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ آج کے دن پاک فوج کے جوانوں کو بھی یاد رکھنا ہے کہ جو سرحدوں پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور بلا خوف پاکستان کی حفاظت کر رہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ان بزرگوں، بھائیوں اور بچوں کو بھی نہیں بھولنا چاہئے کہ جنہوں نے پاکستان کے حصول، دفاع اور تحفظ کیلئے اپنی جان تک دینے سے دریغ نہیں کیا، اپنا آج ہمارے کل کیلئے قربان کر دیا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنیوالے ہمارے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیاں ہی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان کو کورونا سمیت دیگر معاملات کی وجہ سے بہت سے معاشی مسائل بھی ہیں مگر اسکے باوجود وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت مکمل ایمانداری اور نیک نیتی سے پاکستان کو آگے لیکر چل رہی ہے اور حکومت کی کامیاب پالیسوں کی وجہ سے پاکستان معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت شفاف ترین حکومت ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار ہر سطح پر قائداعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق شفافیت اور میرٹ سمیت تمام اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ گور نر نے کہا کہ حکومت نے کامیاب جوان پروگرام میں قرضوں کی حد کو پچاس لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دیا ہے اور اب تک 2900 نوجوانوں میں ایک ارب روپے سے زائد کے قرضے تقسیم ہو چکے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا اثاثہ ہیں اور ان کے مسائل کو تر جیحی بنیادوں پر حل کر یں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات