اسلام آباد سمیت ملک بھر میں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی

ٌجڑواں شہروں میں ہر طرف قومی پرچموں کی کے ساتھ ساتھ کشمیر کا جھنڈا بھی دیکھنے میں آ رہا ہے

جمعرات 13 اگست 2020 22:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2020ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواںشہر راولپنڈی سمیت ملک بھر میں پاکستان کا 73 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ جڑواں شہروں میں ہر طرف قومی پرچموں کی کے ساتھ ساتھ کشمیر کا جھنڈا بھی دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بچے، بزرگ اور خواتین ملی جذبے سے سرشار ہو کر قومی پرچم جھنڈیاں اور کشمیر کے جھنڈے بڑی تعداد میں خرید رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح گھروں، گلیوں ،شاہراہوں، نجی اور سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ رواں سال یہ بات خاص طور پر محسوس کی گئی کہ پاکستان کے قومی پرچم کے ساتھ ساتھ کشمیر کے جھنڈے کو بھی خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جتنا ظلم و جبر اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بڑھے ہیں اسی قدر پاکستان کے عوام اور کشمیریوں کا جذبہ بھی بڑھا ہے۔ قوم کے اس جذبے کو دیکھتے ہوئے یہ بات محسوس کی جا سکتی ہے کہ جلد وہ وقت آنے والا ہے کہ کشمیریوں کے لئے ایک نئی صبح طلوع ہو گی کیونکہ قدرت کا قانون ہے کہ رات جتنی بھی طویل کیوں نہ ہو صبح ہو کررہتی ہے۔