روس کی جانب سے تیار کردہ کووِڈ 19 کی پہلی ویکسین کی دنیا بھر میں مانگ

ایشیا، مشرق وسطی اور لاطینی امریکہ کے 20 ممالک نے روس کو 1 ارب خوارکیں تیار کرنے کا آرڈر دے دیا

جمعرات 13 اگست 2020 23:09

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2020ء) روس کی جانب سے تیار کردہ کووِڈ 19 کی پہلی ویکسین کی دنیا بھر میں مانگ۔ ایشیا، مشرق وسطی اور لاطینی امریکہ کے 20 ممالک نے روس کو 1 ارب خوارکیں تیار کرنے کا آرڈر دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے پریشان ممالک میں روس کی تیار کردہ ویکسین کی مانگ بڑھ گئی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق لاطینی امریکہ، مشرق وسطی اور ایشیا کے کم از کم 20 ممالک نے روس سے کورونا وائرس کی ویکیسن خریدنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔

روس کو ابتدائی طور پر 20 ممالک کی جانب سے 1 بلین خوراکیں تیار کرنے کا آرڈر ملا ہے۔ نیوز رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ رشین ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ (آر ڈی آئی ایف) کے سی ای او نے ویکسین متعارف کروانے کی تقریب میں بتایا کہ انہیں پہلے سے ہی 1 بلین خوراکیں تیار کرنے کا آرڈر مل چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ہم دوسرے ممالک میں اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر سالانہ 500 ملین سے زائد خوراکیں بنانے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہر وہ چیز جو روس میں تیار ہوتی ہے وہ مقامی افراد کے استعمال کے لیے ہوگی، بیرون ممالک استعمال کے لیے خوراکیں بیرون ممالک میں ہی تیار کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ (آر ڈی آئی ایف) انسانی امداد پروگرام پر کام کر رہی ہے، جس کا مقصد ان ممالک تک کورونا ویکسین کی رسائی ہے جو اسے بنانے اور خریدنے کی سکت نہیں رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ روس نے کووِڈ 19 کے علاج کے لیے تیار کردہ ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔ روسی صدر ولادی میر پوتین نے خود اس ویکسین کی منظوری کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ روس یہ مہم سر کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کی تیاری روس کی سائنسی مہارت کا بھی ثبوت ہے۔ روس کی تیار کردہ اس ویکسین کی دو ماہ قبل انسانوں پر آزمائش کی گئی تھی۔اب روسی آبادی کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے یہ ویکسین لگانے کی راہ بھی ہموار ہوگئی ہے۔ تاہم اس کے تحفظ اور کووِڈ-19 کے علاج میں مثر ہونے کی جانچ کے لیے مختلف مراحل میں ابھی کلینکی آزمائش جاری ہے۔