Live Updates

بی آر ٹی وزیر اعظم کی جانب سے کے پی کے عوام کو جشن آزادی کا تحفہ ہے، خرم شیرزمان

جمعرات 13 اگست 2020 23:22

کراچی۔13 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ بی آر ٹی منصوبے کے افتتاح پر وزیراعظم عمران خان اور خیبر پختونخوا حکومت کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوں نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ بی آر ٹی وزیر اعظم کی جانب سے کے پی کے عوام کو جشن آزادی کا تحفہ ہے۔

خرم شیرزمان نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے کے آغاز نے اپوزیشن کی تنقید کو دفن کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کے پی کے، پنجاب، اسلام آباد میں میٹرو، بی آرٹی سروس جبکہ سندھ میں اجرک کی نمبر پلیٹ اور ماسک بنائے جارہے ہیں۔ بلاول زرداری پشاور بی آر ٹی کا دورہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبے دن بدن ترقی کررہے ہیں جبکہ سندھ موئنجو دڑو بنتا جارہا ہے، آج سیاسی ناقدین کو ملک کے منصوبوں پر فخر کی بجائے تکلیف ہورہی ہے۔ صدر پی ٹی آئی کراچی ڈویژن نے کہا کہ سندھ کی کرپشن پر بات کی جائے تو کہتے ہیں ہم نے این آئی سی وی ڈی بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جلد گرین لائن منصوبے کو مکمل کرکے کراچی کی عوام کو سفری سہولت فراہم کر دیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات