Live Updates

پاکستان کا وجود کشمیر کے بغیر نامکمل ہے،ندیم قریشی

جمعرات 13 اگست 2020 23:45

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) ترجمان وزیراعلی پنجاب، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت اور ممبر کشمیر کمیٹی پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ یوم آزادی درحقیقت یوم تجدید عہد کا دن ہے یہ دن ہمیں ان لاکھوں قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت ہمیں پاکستان جیسی نعمت حاصل ہوئی پاکستان کا وجود کشمیر کے بغیر نامکمل ہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کا وہ حقیقی نقشہ جاری کیا جو تقسیم ہند کے وقت ریڈ کلف کمیشن نے جاری کیا تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحیثیت مہمانِ خصوصی پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ڈسٹرکٹ ملتان اور ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے زیراہتمام یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں چار روزہ تقریبات کے تیسرے روز گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سینٹر بوسن ٹاوّن ملتان میں منعقدہ خصوصی سیمینار سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محمد ندیم قریشی نے مزید کہا کہ یہ جشن آزادی ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے منارہے ہیں جو پچھلے 73 برس سے ہندو سامراج اور مودی جیسے فرعونوں کی ہندوّ توا سوچ کے ظلم و بربریت کا شکار ہیں جہاں برہان وانی جیسے عظیم سپوتوں نے اپنی آزادی اور بقاء کی جنگ جاری رکھی ہوئی ہے وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے سفیر کے طور پر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرکے دنیاکو بھارت کا حقیقی مقروہ چہرہ دیکھا دیا ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن ڈسٹرکٹ ملتان مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی اور رہنماء پاکستان تحریک انصاف مخدوم سید باقر گردیزی نے کہاکہ نئی نسل پر یہ بھاری زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کروائیں کیونکہ وہی پاکستان کا مستقبل ہیں۔

اس موقع پرمہمانان گرامی نے جشن آزادی کا کیک کاٹا اور وزیراعظم کے پلانٹ فار پاکستان کے تحت شجرکاری مہم کے سلسلہ میں پودے لگائے ۔دریں اثناء 4 روزہ تقریبات کے آخری روز آج 14 اگست کو چئیرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن ڈسٹرکٹ ملتان کے آفس بمقام دفتر میونسپل کارپوریشن ممتاز آباد میں دن گیارہ بجے پرچم کشائی اور کیک کٹنگ کی تقریب منعقد ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات