متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کیساتھ امن معاہدہ طے پانے کی تصدیق کر دی

امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کیساتھ مشترکہ ٹیلی فونک رابطے کے دوران اتفاق طے پایا کہ اسرائیل فلسطین کے مزید علاقوں پر قبضے کا عمل روک دے گا، دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق کیا: محمد بن زايد

muhammad ali محمد علی جمعرات 13 اگست 2020 20:56

متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کیساتھ امن معاہدہ طے پانے کی تصدیق کر دی
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست2020ء) متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کیساتھ امن معاہدہ طے پانے کی تصدیق کر دی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکمراں محمد بن زاید کی جانب سے کی گئی خصوصی ٹوئٹ میں اسرائیل کیساتھ طے پائے امن معاہدے کی تصدیق کی گئی ہے۔

محمد بن زاید کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کیساتھ مشترکہ ٹیلی فونک رابطے کے دوران اتفاق طے پایا کہ اسرائیل فلسطین کے مزید علاقوں پر قبضے کا عمل روک دے گا، دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ پہلی مرتبہ اسرائیل اور کسی خلیجی ملک کے درمیان مکمل سفارتی تعلقات قائم ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس سےقبل امریکی صدر کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ طے پاگیا ہے۔ اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے خصوصی ٹوئٹس کیے گئے۔



امریکی صدر کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹس میں اعلان کیا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ طے پاگیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنی ٹوئٹس میں معاہدے کا اعلامیہ شیئر کیا گیا۔ امریکی صدر اور میڈیا کی جانب سے اس معاہدے کو تاریخی قرار دیا جا رہا ہے۔ جبکہ غیر ملکی میڈیا دعویٰ کر رہا ہے کہ اس معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں چلیں گی، جبکہ سفارتی سطح پر جلد مذاکرات کا آغاز ہوگا۔

مزید دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس معاہدے کے بعد اسرائیل ویسٹ بینک اور وادی اردن کے علاقوں پر قابض ہونے کے فیصلے سے فی الحال پیچھے ہٹ گیا ہے۔ اس حوالے سے امریکی صدر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس معاہدے سے مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی ممکن ہوگی۔ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے وفود اگلے ہفتے ملاقات کریں گے۔ ملاقات کے دوران اہم دو طرفہ معاہدے کیے جائیں گے۔ دونوں ممالک سیکورٹی، معیشت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے حوالے سے معاہدے طے کریں گے۔