لبنانی پارلیمنٹ نے ایمرجنسی نافذ کرکے فوج کو وسیع اختیارات دے دیئے

ملک میں امن و امان قائم کرنے کے لیے 21 اگست تک لبنان میں ایمرجنسی نافذ

جمعرات 13 اگست 2020 21:45

لبنانی پارلیمنٹ نے ایمرجنسی نافذ کرکے فوج کو وسیع اختیارات دے دیئے
بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2020ء) لبنان کی پارلیمنٹ نے ملک میں ہنگامی حالات کے نفاذ اور فوج کے لیے وسیع اختیارات کی منظوری دے دی ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق جمعرات کو پارلیمنٹ نے بیروت میں ہونے والے قیامت خیز دھماکے کے بعد ملک میں پھوٹنے والے مظاہروں کے بعد پیدا ہونے والے غیر معمولی حالات میں ملک میں ہنگامی حالات کے نفاذ اور فوج کے لیے وسیع انتظامی اختیارات کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

بیروت دھماکے کے بعد لبنان کی کابینہ نے ملک میں دو ہفتے کے لیے ایمرجنسی نافذ کی تھی جبکہ پارلیمنٹ نے اس میں 8 روز کی توسیع کرکے اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔ ہنگامی حالات کے نفاذ کے بعد فوج تقریر و تحریر، اجتماع اور سیکیورٹی سے متعلق شبہات کی بنیاد پر کسی کو بھی گرفتار کرنے کی مجاز ہوگی۔ علاوہ ازیں عدالتی نظام کی جگہ فوجی عدالتیں لے لیں گی۔پارلیمنٹ کے نو ارکان کے مستعفی ہونے کے بعد 119 اراکین میں سیصرف ایک نے اس فیصلے کی مخالفت کی ہے۔ اس موقعے پر اسپیکر نبیہ بیری نے کہا کہ فوج نے ابھی تک آزادی اظہار پر قدغن نہیں لگائی ہے یہ احتجاج کی گنجائش باقی رکھے گی۔