فرقہ واریت ، ظلم وناانصافی سے آزادی تکمیل مقاصد پاکستان کا عزم کیاجائے،متحدہ علماء محاذ

ہندوستان سے توآزادی لے لی مگر ابھی تک برطانیہ و امریکہ کی غلامی سے آزادی نہیں ملی،مقررین سیمینار بھارتی ،اسرائیلی،امریکی مظالم کے خلاف اور ملکی امن واستحکام کیلئے متحد و بیدار ہیں،مولانا انتظارالحق تھانوی

جمعرات 13 اگست 2020 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2020ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی میزبانی ،مولانا انتظارالحق تھانوی کی زیر صدارت 16واں سالانہ ’’یوم آزادی اور اس کے تقاضے‘‘ سیمینار میں شریک 73مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ و سیاسی زعما ،دینی اداروں کے سربراہان،ڈاکٹرز، وکلاء، دانشور شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ فرقہ واریت ، ظلم وناانصافی سے آزادی تکمیل مقاصد پاکستان کا عزم کیاجائے، ہندوستان سے توآزادی لے لی مگر ابھی تک برطانیہ و امریکہ کی غلامی سے آزادی نہیں ملی،موجودہ چیلنجز ومشکلات سے نجات کیلئے قیام پاکستان والا جذبہ بیدار کیاجائے۔

حکمرانوں نے ہمیشہ عوام کو مایوس اور مقاصد سے انحراف کیاہے۔

(جاری ہے)

بانیان و قائدین پاکستان قائداعظم محمد علی جناح،شیخ الاسلام علامہ شبیر احمد عثمانی، مفکر اسلام علامہ محمد اقبال،مولانا ظفر احمد انصاری،مولاناچوہدری رحمت علی ودیگر کے افکار و مشن پر حقیقی عمل سے ہی مقاصد پاکستان کی تکمیل اور ملک امن و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ اس موقع پر محاذ کے چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی نے مقاصد پاکستان کے حوالے سے متفقہ قراردادیں منظور کرائیں،سیمینار میں شریک علماء و سیاسی زعماء نے مل کر قومی ترانہ پڑھااور ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر یکجہتی کا اظہارکیا۔

مقررین نے کہا کہ قائداعظم کے معتمد و رفیق علمائے حق ہی پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے حقیقی محافظ ہیں۔پاکستان کے حالیہ نقشے میں مقبوضہ کشمیر کو شامل کرنا عوامی امنگوں کا آئینہ دار اور جرأت مندانہ قابل تحسین اقدام ہے، مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان کے جھنڈے پربھی مقبوضہ کشمیر کی علامت کو شامل کیاجائے۔اصحاب رسولؐ و اہل بیت اطہارؓ کا تحفظ و تقدس ہی پاکستان کی بقاء و امن وسلامتی کی ضمانت ہے۔

فرقہ واریت ،دہشت گردی،ظلم و ناانصافی مقاصد پاکستان کی تکمیل و خوشحالی میں بڑی رکاوٹ ہے۔ریاست مدینہ کا خواب نفاذ شریعت سے ہی پورا ہوگا۔ایٹمی پاکستان کی قیادت کشمیر،فلسطین کی آزادی کیلئے قائدانہ کردار اداکرے۔بھارتی ،اسرائیلی،امریکی مظالم کے خلاف اور ملکی امن واستحکام کیلئے متحد و بیدار ہیں، ملکی امن و سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیںگے، دنیا کی بہادر ترین جرأت مند افواج پاکستان پر ہمیں فخر و ناز ہے۔

سیمینار سے مہمانان خصوصی پروفیسر حافظ محمد سلفی،علامہ علی کرارنقوی، علامہ عبدالخالق فریدی،علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی سمیت علامہ ڈاکٹر نصیر الدین سواتی،علامہ پیراحمد عمران نقشبندی، علامہ روشن دین الرشیدی،علامہ شاہدین اشرفی، مولانا ڈاکٹر سعید احمدصدیقی،علامہ پیر عبدالماجد نقشبندی، مولانا منظرالحق تھانوی،علامہ سید سجاد شبیررضوی،علامہ عبداللہ جونا گڑھی،محمد شکیل قاسمی،فیصل علی بلوچ، اسلم خٹک ایڈووکیٹ، مطلوب اعوان قادری،علامہ اختر محمدی،علامہ مرتضیٰ خان رحمانی ،مفتی محمد بخاری،علامہ حفیظ اللہ ہادیہ صدیقی،علامہ ڈاکٹر شاہ فیروزالدین رحمانی،مفتی وجیہہ الدین، مولانا غلام رسول ناصر ایڈووکیٹ ودیگر نے خطاب کیا۔