مادر وطن کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، آج کا دن ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرنے کے عزم کی تجدید کا دن ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے ظلم و جبر نے پورے خطہ کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، پاکستان حق خود ارادیت کیلئے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا

وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کا یوم آزادی کے موقع پر پیغام، قوم کو مبارکباد

جمعرات 13 اگست 2020 22:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مادر وطن کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، آج کا دن ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرنے کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔

(جاری ہے)

یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد نے ایک ترقی پسند پاکستانی ریاست کا تصور پیش کیا تھا جہاں پر اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق جمہوری اقدار فروغ پائیں اور قانون کی حکمرانی ہو۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہمارے آبائو اجداد کے تصور کے مطابق پاکستان کو مدینہ کی مثالی ریاست میں تبدیل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں مقبوضہ کشمیر میں محصور اور بھارتی ظلم و جبر اور ریاستی دہشت گردی کے شکار کشمیری بھائیوں اور بہنوں کا بھی احساس ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے ظلم و جبر نے پورے خطہ کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، پاکستان حق خود ارادیت کیلئے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔