وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد

پاکستان اللہ تعالیٰ کا انعام اور نعمت ہے،قائداعظمؒ نے مسلمانان برصغیر کو الگ وطن کا تحفہ دے کر احسان کیا، عثمان بزدار

جمعرات 13 اگست 2020 23:10

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کا انعام اور نعمت ہے،قائداعظمؒ نے مسلمانان برصغیر کو الگ وطن کا تحفہ دے کر احسان کیا،دنیا بھر میں پاکستان جیسا عالیشان کوئی ملک نہیں۔ہمیں آزاد وطن کی قدر و منزلت کو پہچاننا ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میںکہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، دونوں کو الگ نہیں کیا جاسکتا۔ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی سے پاکستان کی تکمیل ہوگی،بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اپنی روایتی مکاری کا انمٹ ثبوت دے چکا ہے ۔ہر صاحب ضمیر متنازع بھارتی اقدام کو مسترد کر چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کئے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے سیاسی نقشے میں غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کو شامل کرکے جرأتمندانہ اقدام کیا۔ تحریک پاکستان کی جدوجہد میں شہید ہونے والوں کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آج ہمیں قیام امن کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے شہداء کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔

انہوںنے کہا کہ آزاد وطن کا حصول قائداعظمؒ کی شب و روز محنت اور علامہ اقبالؒ کے خواب کی تکمیل ہے۔پاکستان کی سربلندی کیلئے ہر شہری کو خلوص اور دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستانی قوم ہر چیلنج سے سروخرو ہوکر نکلے گی۔انہوںنے کہا کہ ہر پاکستانی وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھرپور کاوشیں کرے۔میں عہد کرتا ہوں کہ تا دم زندگی وطن عزیز کی سربلندی کیلئے کوشاں رہوں گا۔