بھارت کیلئے ایک اور جھٹکا

نیپال نے بھارتی شہریوں کی براستہ سڑک آمد پر رجسٹریشن لازمی قرار دیدی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 13 اگست 2020 23:22

بھارت کیلئے ایک اور جھٹکا
کھٹمنڈو/ نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13اگست 2020ء) : نیپال نے بھارتی شہریوں کی براستہ سڑک آمد پر رجسٹریشن لازمی قرار دیدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیپال کی حکومت نے سڑک کے راستے نیپال آنے والے بھارتی شہریوں کے لیے رجسٹریشن کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ ابھی تک دونوں ملکوں کے شہری ویزے اور پاسپورٹ کے بغیر صرف شناختی کارڈ دکھا کر ایک دوسرے کے یہاں آ جا سکتے تھے۔

نیپال کی حکومت نے بھارتی شہریوں کے اندارج کا یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی تنازعے کے سبب تعلقات خاصے خراب ہیں۔ تاہم نیپال کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے یہ قدم ملک میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اٹھایا ہے۔ نیپال کے وزیر داخلہ رام بہادر تھاپا نے ایک پارلیمنٹری کمیٹی کی میٹنگ میں کہا ’ہم کرونا کی وبا کے دوران اسے نافذ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کورونا کے اس برے وقت میں ہم نے بھارت سے آنے والوں کے ریکارڈ رکھنے شروع کردیے ہیں تاکہ اس وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ مستقبل کے لیے بھی یہ قدم دونوں ملکوں کی سرحدوں کی حفاظت کے نقطہ نظر سے اچھا ہو گا۔‘ بھارت کی طرف سے نیپال کے اس نئے اقدام کے بارے میں فوری طور پر کوئی ردعل سامنے نہیں آیا ہے۔ نیپال جانے کے لیے انڈین شہریوں کو صرف تسلیم شدہ حکومتی شناختی کارڈ دکھانے کی ضرورت ہوتی تھی۔

نیپال میں حکومتی اعداد وشمار کے مطابق کورونا کے ساڑھے چوبیس ہزار کیسز سامنے آئے ہیں اور 91 اموات ہوئی ہیں۔ اس کے برعکس انڈیا میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہاں اس سے متاثر ہونے والوں کی تعد 23 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ خیال رہے کہ نیپال میں غیر ممالک سے آنے والوں پر مارچ کے اواخر سے ہی بابندی نافذ ہے لیکن سڑک کے راستے بھارت اور نیپال کے درمیان آنے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔