بانی ایم کیو ایم کو گرفتار کروا کر پاکستان لانے کی کوششیں شروع

عمران فاروق قتل کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد برطانوی حکام کو خط لکھ دیا گیا، الطاف حسین کی حوالگی کا مطالبہ

muhammad ali محمد علی جمعہ 14 اگست 2020 00:32

بانی ایم کیو ایم کو گرفتار کروا کر پاکستان لانے کی کوششیں شروع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست2020ء) بانی ایم کیو ایم کو گرفتار کروا کر پاکستان لانے کی کوششیں شروع، عمران فاروق قتل کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد برطانوی حکام کو خط لکھ دیا گیا، الطاف حسین کی حوالگی کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے لندن میں مقیم بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی گرفتاری اور حوالگی کیلئے باقاعدہ کوششیں شروع کر دی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے پاکستان کی جانب سے برطانوی حکام کو باقاعدہ خط لکھا گیا ہے۔ خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لندن میں ایم کیو ایم کے مقتول رہنما عمران فاروق کا کیس پاکستان میں انجام کو پہنچ چکا۔ برسوں کی محنت کے بعد عمران فاروق کو قتل کرنے والے مجرمان کو پاکستانی عدالت کی جانب سے سزا دی جا چکی۔

(جاری ہے)

جبکہ عمران فاروق قتل کیس میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین بھی نامزد ہیں۔

الطاف حسین کو باقاعدہ اشتہاری بھی قرار دے دیا گیا ہے۔ پاکستان کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 2 ماہ قبل عمران فاروق قتل کیس کا فیصلہ سنایا تھا۔ اس لیے الطاف حسین کو گرفتار کر کے پاکستان کے حوالے کیا جائے۔ پاکستان نے لندن میں قتل ہونے والے ایک شہری کے کیس میں بھرپور تعاون کیا اور اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا، اب امید ہے کہ برطانوی حکام بھی پاکستان کیساتھ تعاون کریں گے۔

واضح رہے کہ لندن میں موجود اور سیاسی تنہائی کا شکار بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے گرد مسلسل گھیرا تنگ ہو رہا ہے۔ برطانیہ میں بھی ان کیخلاف مختلف کیسز کی تحقیقات جاری ہیں۔ ان کیسز میں بھی ان پر جلد فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ الطاف حسین ماضی میں کراچی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہونے کی دعویدار ایم کیو ایم کے بانی ہیں، جن کی جانب سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کی معاونت سے برسوں تک کراچی میں خوف و دہشت کا ماحول بنا کر رکھا گیا۔

الطاف حسین پر کراچی میں قتل و غارت کروانے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ الطاف حسین خود بھی بھارتی خفیہ ایجنسی را سے مدد مانگنے کا اعتراف کر چکے ہیں اور کئی مرتبہ سرعام ان کی جانب سے را اور بھارتی حکومت سے مدد طلب کی گئی۔ الطاف حسین گزشتہ کئی برس سے پاکستان کیخلاف مسلسل زہر اگلنے میں بھی مصروف ہیں۔