''اسرائیل سے امن کرنے والے ممالک کے مسلمان مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھ سکیں گے'' متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے معاہدے کی بڑی شرط سامنے آگئی

اسرائیل کے دیگر مسلم ممالک سے تعلقات قائم کرنے کے لیے امریکا اور متحدہ عرب امارات مل کر کام کریں گے، معاہدے کی شرط

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 14 اگست 2020 00:38

''اسرائیل سے امن کرنے والے ممالک کے مسلمان مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھ سکیں ..
یروشلم/ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست2020ء) متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے معاہدے کی بڑی شرط سامنے آئی ہے جس کے مطابق 'اسرائیل سے امن کرنے والے ممالک کے مسلمان مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھ سکیں گے'۔ معاہدے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے دیگر مسلم ممالک سے تعلقات قائم کرنے کے لیے امریکا اور متحدہ عرب امارات مل کر کام کریں گے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ باہمی تعلقات کا امن معاہدہ کر لیا ہے، اس معاہدے کی رو سے اسرائیل سے امن کرنے والے ممالک کے مسلمان مقبوضہ بیت المقدس میں آ کر مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھ سکیں گے۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے پر اتفاق کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ، اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو اور ابو اظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زاید نے جمعرات کو ایک مشترکہ بیان میں اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تاریخی پیش رفت مشرق وسطی میں امن کے قیام میں مدد دے گی۔

اس بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کے نتیجے میں اسرائیل مقبوضہ غرب اردن کے مزید علاقے اسرائیل میں ضم کرنے کے منصوبے کو معطل کر دے گا۔ معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی مکمل بحالی کا معاہدہ طے پاگیا ۔ معاہدے کے مطابق امریکا اور متحدہ عرب امارات، اسرائیل سے دیگر مسلم ممالک سے بھی تعلقات قائم کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے، اسرائیل سے امن کرنے والے ممالک کے مسلمان مقبوضہ بیت المقدس آ کر مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھ سکیں گے۔

دونوں ممالک ایک دوسرے کے ملکوں میں سفارتخانے قائم کریں گے جبکہ سیکیورٹی ،توانائی ۔ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں بھی تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔ دوسری جانب مصر کے صدر فاتح السیسی کی جانب سے امریکا کے تعاون سے طے پائے معاہدے پر خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ عرب اسلامی مملک مصر اور اردن نے پہلے سے ہی قابض ملک اسرائیل سے تعلقات استوار کر رکھے ہیں۔