متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کا مکمل سفارتی تعلقات قائم کرنے پر رضامندی کا اظہار

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل سرمایہ کاری ،سیاحت ، سیکورٹی ،ٹیکنالوجی، توانائی اور دیگر شعبوں سے متعلق متعدد دو طرفہ معاہدے کریں گے، سفارتخانوں کے قیام کے علاوہ آپس میں براہ راست پروازیں بھی شروع کی جائیں گی، ڈونلڈ ٹرمپ معاہدہ دیرینہ اسرائیل فلسطین تنازعہ کے دو ریاستی حل کی جانب ایک بڑا قدم ہے، اسرائیل نے فلسطینی علاقوں پر مزید قبضہ نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے، یو اے ای

جمعہ 14 اگست 2020 00:05

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کا مکمل سفارتی تعلقات قائم کرنے پر رضامندی ..
نیویارک/دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی مستقبل کی ریاست کے سلسلہ میں مقبوضہ علاقوں کا الحاق روکنے کے لئے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے مکمل سفارتی تعلقات قائم کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے خلیجی ممالک میں یو اے ای پہلا اور عرب ممالک میں تیسرا ملک ہوگا جس کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم ہوں گے دیگر ممالک میں مصر اور اردن شامل ہیں۔

وائٹ ہائوس کے مطابق یہ معاہدہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید کے درمیان فون پر بات چیت کے درمیان طے پایا ، بعد ازاں ایک مشترکہ بیان میںکہا گیا ہے کہ تاریخی سفارتی کامیابی مشرق وسطیٰ کے خطہ میں قیام امن کے لئے پیش رفت ہوگی جو تینوں ممالک کے باہمی مفاد میں ہوگی امریکی صدر نے کہاکہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل سرمایہ کاری ،سیاحت ، سیکورٹی ،ٹیکنالوجی، توانائی اور دیگر شعبوں سے متعلق متعدد دو طرفہ معاہدے کریں گے اور ایک دوسرے کے ملک میں سفارتخانوں کے قیام کے علاوہ آپس میں براہ راست پروازیں بھی شروع کریں گے ۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے اس کے ساتھ معاہدہ دیرینہ اسرائیل فلسطین تنازعہ کے دو ریاستی حل کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ یو اے ای کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور گارگش نے جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اس معاہدہ کو مشرق وسطیٰ کے مسئلہ کے حل کے لئے اہم تصور کرتے ہیں ،دونوں ممالک کی جانب سے سفارتخانے کھولے جانے سے متعلق ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ اس حوالہ سے وہ قیاس آرائی نہیں کرسکتے تاہم اس میں کوئی زیادہ وقت نہیں لگے گا۔

ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان نے کہا ہے کہ معاہدہ کے تحت اسرائیل نے فلسطینی علاقوں پر مزید قبضہ نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ ٹیلی فون کال کے دوران یہ طے پایا کہ فلسطینی علا قوں پر اسرائیل کا مزید قبضہ نہیں ہوگا۔