ترک طیاروں کی شمالی عراق میں ایک گاڑی پر بمباری، چار افراد ہلاک

ترک طیاروں نے عراق کے کردستان صوبے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا،عہدیدارکی عرب ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 14 اگست 2020 11:47

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2020ء) ترکی کے جنگی طیاروں نے عراق کے صوبہ کردستان کے شمال میں دھوک گورنری میں ایک گاڑی پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں اس گاڑی میں سوارکم سے کم چار افراد ہلاک ہوگئے۔عرب ٹی وی کے مطابق ترک طیاروں نے عراق کے کردستان صوبے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔ ایک عہدیدارنے بتایاکہ ترکی کے فضائی حملوں میں دھوک شہر سے تقریبا 20 کلومیٹر دور ایک کار کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 4 پی کے کے جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

نواحی علاقے زاویتہ کے ڈائریکٹر مشیر گولی نے بتایا کہ ترک جنگی طیاروں نے دہوک سے 20 کلومیٹر دور راشانکی گاں اور زاویتہ کے مرکز کے درمیان مرکزی سڑک پر ایک کار پر بمباری کی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس بمباری کے نتیجے میں تمام چار کرد جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔حملے میں کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔اس واقعے سے دو روز قبل ترکی کے ایک ڈرون طیارے نے اربیل کے شمال میں سیدکان میں عراقی فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں عراقی بارڈر فورس کے دو اعلی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ اس واقعے کے بعد عراق اور ترکی کے درمیان کشیدگی پیدا ہوئی جس پر عراق نے ترکی سے سخت احتجاج کیا تھا۔