امارات مشرق وسطی میں دو ریاستی حل کومضبوط بنانا چاہتا ہے،انور قرقاش

ہم نے اسرائیل سے معاہدہ کر کے غرب اردن کے علاقوں کا الحاق روک دیا،اماراتی وزیرخارجہ

جمعہ 14 اگست 2020 11:47

ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2020ء) متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے کہا ہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین مکمل دوطرفہ تعلقات کا آغاز امارات کی قیادت کا جرات مندانہ فیصلہ ہے۔عرب ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انور قرقاش نے واضح کیا کہ اسرائیل کا مغربی کنارے کا الحاق ایک ایسا مسئلہ تھا جو خطے کے امن کے لئے خطرہ بن سکتا تھا۔

(جاری ہے)

ہم نے اسرائیل سے معاہدہ کر کے غرب اردن کے علاقوں کا الحاق روک دیا۔انہوں نے اشارہ کیا کہ متحدہ عرب امارات اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات شروع کر دے گا۔ امارات کے فیصلے سے فلسطینیوں کو بھی فایدہ پہنچے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اماراتی فیصلے کا مقصد فلسطینیوں کی مدد کے لیے مواصلاتی چینلز تلاش کرنا ہے۔ متحدہ عرب امارات امن عمل میں دو ریاستی حل کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔