ریاض کے کیفے میں سعودی خاتون کی دیدہ دلیری سے سگریٹ نوشی کی ویڈیو وائرل

خاتون کے سگریٹ پینے پر اس کی ایک اور خاتون سے شدید تلخ کلامی بھی ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 14 اگست 2020 12:18

ریاض کے کیفے میں سعودی خاتون کی دیدہ دلیری سے سگریٹ نوشی کی ویڈیو وائرل
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 اگست 2020ء) سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک مقامی خاتون بڑی دیدہ دلیری سے سگریٹ پیتی دکھائی دے رہی ہے۔ سعودی سماج میں کسی خاتون کا سگریٹ پینا انتہائی معیوب اور سماجی اقدار کے منافی حرکت سمجھی جاتی ہے ۔ اگرچہ خواتین کے سگریٹ پینے پر قانونی طور پر سزا تو نہیں، تاہم ایسی خواتین کے بارے میں اچھی سوچ نہیں رکھی جاتی۔

اس واقعے میں سعودی خاتون کی جانب سے کیفے میں سگریٹ پینے پر پاس بیٹھی ایک اور مقامی خاتون بھڑک اُٹھی ۔ اس نے سگریٹ نوش خاتون سے کہا کہ وہ سگریٹ بُجھا دے کیونکہ اس کے دھوئیں سے باقی لوگ پریشان ہو رہے ہیں۔ اس بات پر دونوں خواتین میں شدید تلخ کلامی بھی ہوئی۔ واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دونوں خواتین کو ایک دوسرے سے لڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لوگوں کی جانب سے جھگڑا ختم کروانے کی کوشش بھی کی گئی۔ سعودی عرب میں ریسٹورنٹس اور کیفیز میں صرف مخصوص مقامات پر سگریٹ اور شیشہ پینے کی اجازت ہے، جس کی خلاف ورزی پر میونسپلٹی کی جانب سے سخت ایکشن لیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ رمضان المبارک میں ایک سعودی خاتون نے خاوند کے ساتھ مِل کر غیر مُلکی کارکن کی پٹائی کر دی تھی۔

جدہ کی ایک مارکیٹ میں اس وقت افراتفری مچ گئی جب ایک سعودی باشندہ مبینہ طور پر کسی غیر مُلکی کارکن سے اُلجھ پڑا۔پہلے ان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے گالم گلوچ میں بدل گئی اور پھر نوبت مار پیٹ تک پہنچ گئی۔ اس لڑائی میں ایک دلچسپ لمحہ تب آیا جب سعودی مرد کی بُرقعہ پوش خاتون بھی اس پُرتشدد جھگڑے میں کُود پڑی۔ سعودی خاتون نے اپنے خاوند کے ساتھ مِل کر کارکن اور اس کے ساتھی پر خوب ہاتھ چلائے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے لڑنے والے تمام افراد کی مذمت کی گئی ۔ صارفین کا کہنا تھا کہ رمضان کے پہلے ہی روزے کے دوران ا س طرح کا پُر تشددواقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ جو لوگ اس جھگڑے میں ملوث ہیں وہ مذہب اور روزے کے مقصد اور رُوح سے قطعاً انجان معلوم ہوتے ہیں۔ کچھ صارفین نے سعودی خاتون کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اس کے رویئے کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ خاتون کو اس لڑائی کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تھا، اپنے خاوند کو جھگڑے سے روکنا چاہیے تھا، مگر اس نے اُلٹا اس لڑائی میں شامل ہو کر اپنا وقار اور عزت گنوائی ہے۔