یمنی فوج نے حوثیوں کا بمبار ڈرون تباہ کر دیا، مشرقی صنعا سے مزید علاقے آزاد

نھم اور الجوف کے محاذوں پر حوثی باغیوں اور یمنی فوج کے درمیان گھمسان کی لڑائی،جنگجوئوں کو بھاری جانی ومالی نقصان

جمعہ 14 اگست 2020 12:53

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2020ء) یمن کی آئینی فوج نے دعوی کیا ہے کہ فوج نے مشرقی صنعا کے نھم ڈاریکٹوریٹ میں حوثی ملیشیا کا ایک بمبار ڈرون طیارہ تباہ کر دیا۔ اسی علاقے میں فوج نے آپریشن کرتے ہوئے متعدد علاقے حوثی باغیوں سے واپس لے لیے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق نھم اور الجوف کے محاذوں پر حوثی باغیوں اور یمنی فوج کے درمیان گھمسان کی لڑائی کی اطلاعات ہیں۔

لڑائی میں حوثی باغیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

یمنی فوج کا کہنا تھا کہ اس نے مشرقی صنعا میں نھم ڈائریکٹوریٹ کے علاقے نجد العتق کے اطراف میں کئی اہم مقامات کو حوثی باغیوں سے چھڑا لیا ہے۔یمنی فوج کی آفیشل ویب سائیٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا گہا کہ نجد العتق، جبل بحر، تزویراتی اہمیت کا علاقہ المنامہ اور کئی دوسرے مقامات کو باغیوں سے چھڑا لیا ہے۔ اس آپریشن میں عرب اتحادی فوج کے جنگی طیاروں نے یمنی فوج کی بھرپور مدد کی ہے۔لڑائی کے نتیجے میں دسیوں حوثی جنگجو ہلاک اور زخمی ہوئے ۔ فوج کے حملے میں حوثیوں کی کئی فوجی گاڑیاں ، اسلحہ اور گولہ بارود تباہ ہو گیا۔