وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان کی قائمہ کمیٹی برائے زراعت کے چیئرمین چوہدری احمد جواد کی پوری قوم کو یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر دلی مبارکباد

جمعہ 14 اگست 2020 15:19

وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان کی قائمہ کمیٹی برائے زراعت کے چیئرمین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2020ء) وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان( ایف پی سی سی آئی) کی قائمہ کمیٹی برائے زراعت کے چیئرمین چوہدری احمد جواد نے پاکستان اور بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست کا دن ہمیں اس شاندار جمہوری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، ہمارے اسلاف نے برصغیر میں ایک علیحدہ مملکت حاصل کرنے کیلئے بے مثال جدوجہد کی تاکہ مسلمان اپنی زندگیاں مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقتدار کے مطابق بسر کر سکیں۔

ہم اپنے آبائو اجداد کے مشکور ہیں جنہوں نے آنے والی نسلوں کے وقار اور آزادی کے حصول کیلئے قربانیاں دیں۔ یوم آزادی کے موقع پر اپنے ایک خصوصی بیان میں چوہدری احمد جواد نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک جمہوری، روادار اور ترقی پسند پاکستان کے خواہاں تھے، جہاں پر ہر شہری اپنی صلاحیتوں کے بھرپور استعمال سے ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو سکے۔

(جاری ہے)

بانی پاکستان نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی، مساوات اور جمہوری ریاست کے قیام کیلئے جدوجہد کی اور وہ ایک ایسی مملکت چاہتے تھے جہاں مسلمان پھلیں پھولیں اور ظلم، عدم برداشت، ناانصافی کے خوف کے بغیر رہ سکیں۔ احمد جواد نے کہا کہ ہمیں قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے تصور کے مطابق جائزہ لینا چاہئے کہ ہم نے کس حد تک اس کے حصول میں کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ہمارے خوبصورت ملک کو قدرت نے ہر نعمت سے نوازا ہے۔ ہمارے ملک کا محل وقوع اور اس میں بسنے والے باصلاحیت نوجوان وہ عوامل ہیں جو ہمیں اپنی منزل کو حاصل کرنے اور ایک کامیاب قوم بنانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ ہم قائد کے نظریات اور ان کے اصولوں، اتحاد، ایمان اور نظم کو اپنا کر نہ صرف موجودہ چیلنجز پر قابو پا لیں گے بلکہ پاکستان کو ایک خود مختار اقتصادی طور پر متحرک اور خوشحال ملک بنانے میںبھی کامیاب ہو ں گے۔چوہدری احمد جواد نے کہا کہ آیئے آج ہم ایک بارپھریہ عہد کریں کہ ہم قائد کے پاکستان کی تعمیر کریں گے۔ انہوں نے ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے والے ہیروز کو خراج عقید ت بھی پیش کیا۔