کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر فائرنگ سے 23 افراد زخمی،خواتین بھی شامل

کراچی پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کے مرتکب کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 14 اگست 2020 15:31

کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر فائرنگ سے 23 افراد زخمی،خواتین بھی شامل
کراچی (اُر دو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 اگست 2020ء) کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر فائرنگ سے 23 افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں یوم آزادی کے موقع پر مختلف علاقوں میں ہونے والی فائرنگ سے 23 افراد زخمی ہوگئے جن میں سات خواتین بھی شامل ہیں۔گولیمار حاجی مرید گوٹھ میں گولی لگنے سے بیس سالہ اسماعیل، سہراب گوٹھ میں گولی لگنے سے 35 سالہ نازیہ، سرجانی ٹاؤن میں اکتیس سالہ رخسانہ گولی لگنے سے زخمی ہو گئیں۔

اس کے علاوہ بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں میں فائرنگ کے واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔جن میں زیادہ تر تعداد نوجوانوں کی ہے۔تمام زخمیوں کو جناح اسپتال، سول اسپتال اور عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی گئی ہے۔کراچی پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کے مرتکب کسی شخص کی اب تک ک گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی،یاد رہے کہ پاکستانی قوم آج 74 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منارہی ہے، بارہ بجتے ہی مختلف شہروں میں آتش بازی اور فائرنگ شروع ہوگئی، نوجوانوں نے ریلیاں نکالنا اور بھنگڑے ڈالنا شروع کردیے۔

(جاری ہے)

یوم آزادی کے موقع پر ہرطرف سبز ہلالی پرچم کی بہار نظر آرہی ہے، عمارات، گلیوں اور گھروں کو برقی قمقموں، پرچم اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ بچے اور بڑے سب ایک رنگ میں رنگے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ صوبائی دارالحکومتوں میں جشن آزادی کا آغاز پروقار تقریب سے کیا گیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے 21 توپوں کی سلامی دی۔ انہوں نے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی کے لئے دعا بھی کی گئی۔رات 12 بجتے ہی مختلف شہروں میں آتش بازی شروع ہوگئی ساتھ فائرنگ بھی ہوئی جس سے کراچی میں خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔جشن آزادی شروع ہوتے ہی ملک بھر میں نوجوانوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، سڑکوں پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور رقص کیا۔لاہور میں مینار پاکستان پر آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا جسے دیکھنے کے لیے پہلے سے لوگوں کی بڑی تعداد اپنے اہل خانہ کے ساتھ موجود تھی۔