حکومتِ سندھ نیک نیتی سے کراچی کی ترقی کیلئے کام کررہی ہے، ملکی سالمیت کے لیے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سعید غنی، شیخ عمر ریحان اور دیگر کا جشن آزادی کی تقریب سے خطاب

جمعہ 14 اگست 2020 17:44

حکومتِ سندھ نیک نیتی سے کراچی کی ترقی کیلئے کام کررہی ہے، ملکی سالمیت ..
کراچی۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2020ء) سندھ کے وزیرِ تعلیم و محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پوری نیک نیتی کے ساتھ کراچی کی ترقی کے لیے کام کررہی ہے، آزادی ایک نعمت ہے ہمیں جس کی قدر کرنی چاہیے اور آئندہ نسلوں کو بہتر پاکستان دینے کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے زیر اہتمام جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان، سینیٹر عبدالحسیب خان، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، خالد تواب، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت، نائب صدر سید واجد حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کہاکہ کراچی کی ترقی کے لیے نیک نیتی کے ساتھ کام کررہے ہیں، سب مل کر کام کریں گے تب ہی اس شہر کی ترقی ہوگی۔

(جاری ہے)

صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ملک لاکھوں قربانیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا ہے، آزادی کی قدر و قیمت کا احساس اجاگر کرنے کے لیے نوجوان نسل کو قربانیوں کی یہ تاریخ نصاب میں پڑھانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کی ترقی، آزادی اور سالمیت کے لیے افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہاکہ اللہ تعالی نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے اس کے باوجود ہمیں معاشی خود انحصاری کیوں حاصل نہیں ہوسکی اس پر غور کرنا چاہیے۔

زبیر چھایا نے کہا کہ پاکستان کو توڑنے کی ہر مزموم سازش ناکام رہی اور یہ ملک ہر مشکل دور سے سرخرو ہوکر نکلا اور ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہرسطح پر قومی اتحادہی سے ملک کو درپیش چیلنجز کا سامنا کیا جاسکتا ہے۔ خالد تواب نے کہاکہ پاکستان مواقع کی سرزمین ہے محنت کرنے والوں کو اس ملک اور اس شہر کراچی نے بہت کچھ دیا ہے ہمیں بھی اس مٹی کا قرض چکانے کے لئے ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر کاٹی کی جانب سے جشن آزادی کے لیے تیار کیا گیا خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔

متعلقہ عنوان :