نظریہ پاکستان آئین کے دیباچہ میں درج ہے‘ ڈاکٹر طاہر القادری

مرکزی سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی اور سیمینار کا انعقاد،ملکی سلامتی کیلئے دعائیں

جمعہ 14 اگست 2020 18:29

نظریہ پاکستان آئین کے دیباچہ میں درج ہے‘ ڈاکٹر طاہر القادری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2020ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے سینئر رہنماوں کے مشاورتی اجلاس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ رب العزت کی ایک بہت بڑی نعمت ہے ۔ آزادی کی یہ عظیم نعمت عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہے ۔ پاکستان جس مقصد کیلئے حاصل کیا گیا وہ آئین پاکستان کے دیباچہ میں درج ہے ۔

آئین کی ہر شق پر عملدرآمد سے پاکستان مضبوط ہو گا اور محروم اور غریب عوام کے ہر دکھ کا مداوا بھی آئین پر عملدرآمد میں ہے ۔ آئین پر اسکی روح کے مطابق عملدرآمد کرنے سے ریاست مدینہ کی تشکیل کا خواب بھی پورا ہو جائے گا ۔ اقتدار کی امانت آئین پاکستان کی روح ایک مقدس امانت ہے ،لوگوں کو ایسا ماحول مہیا کیا جائے جس میں وہ برابری کی بنیاد پر تعلیم اور روزگار حاصل کر سکیں اور انفرادی اور اجتماعی سطح پر ایک مثالی انسان اور مسلمان کی حیثیت سے زندگی بسر کر سکیں ۔

(جاری ہے)

آئین نے ہر شہری کے جان ومال اور عزت و آبرو کے تحفظ کی ضمانت دی ہے ۔ آئین پر عملدرآمد سے قائد اعظم کے تصور پاکستان کو تعبیر کا رنگ ملے گا ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور،مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی،علامہ رانا محمد ادریس،عارف چوہدری ،علامہ غلام مرتضی علوی ،محمد فاروق رانا،محمد ثنا اللہ شریک تھے ۔ دریں اثنا 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی اور ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں ۔

پرچم کشائی کی تقریب میں خرم نواز گنڈاپور،جوادحامد،سید الطاف حسین شاہ،سید مشرف شاہ ،مظہر محمود علوی،نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ،طیب ضیا،اعجاز ملک سمیت عہدیداران و کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ یوم آزادی کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں سیمینار بھی منعقد ہوا ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج یوم مسرت بھی ہے اور یوم احتساب بھی ۔

آزادی کے تحفظ کیلئے پاکستان کے ہر شہری کو آئین کے مطابق تعلیم،صحت،انصاف سمیت تمام حقوق دینا ہونگے ۔ کرپٹ عناصر کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اعلانات تک محدود نہیں رہنی چاہیے ۔ کرپشن کیسز میں جنہیں سزائیں ملتی ہیں وہ اگلے ہی لمحے ضمانتیں حاصل کر لیتے ہیں ۔ پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کیلئے بدعنوانی،اقربا پروری کی تمام برائیاں جڑ سے ختم کرنا ہونگی ۔ سیمینار سے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود،سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری، صدر لاہورچوہدری افضل گجر،صدر یوتھ لیگ مظہر محمود علوی،حافظ غلام فرید،میر احسن منیر،شفاقت علی مغل،سید امداد حسین شاہ،نورین علوی،حاجی فرخ نے سیمینار میں اظہار خیال کیا ۔