کراچی میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ پر مجلس وحدت مسلمین کا شدید ردعمل

کراچی میں ہائی الرٹ کے باوجود دہشت گردی کے واقعہ سوالیہ نشان ہے۔علامہ صادق جعفری

جمعہ 14 اگست 2020 19:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2020ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستانکراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے کراچی لیاقت آباد مینہ بازار کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار محمد علی رضوی کی ٹارگٹ کلنگ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے موقعہ پر جب کراچی میں جشن آزادی پاکستان کی تقریبات کے باعث ہائی الرٹ ہے دہشت گردوں کا یوں دندناتے پھرنا حکومتی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

شیعہ نسل کشی تکفیری گروہوں کا اولین ہدف ہے۔ پُرامن قوم کے محب وطن اور مختلف شعبوں کے ماہرین کو چن چن کر شہید کیا جارہاہے۔ملت تشیع گزشتہ تین دہائیوں سے اپنے ڈاکٹرز،انجینئرز،پروفیسرز اور دیگرشعبوں کے پروفیشنلز کی لاشیں اٹھا رہی ہے۔دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ کی راہ میں حکومت کے سیاسی مفادات سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے قبل ایک بار پھر ملک بھر اور بلخصوص کراچی میں دہشت گردی کی نئی لہر زور پکڑ رہی ہے جس کا بنیادی سبب حکومت کا کالعدم مذہبی جماعتوں سے مفاہمتی طرز عمل ہے۔

شہر بھر میں کالعدم مذہبی دہشتگرد جماعت کے دفاتر کھلے ہوئے ہیں اور روزانہ ان کی مذہبی منافرت پر نکالی جانے والی ریلیاں بھی عوام سمیت حکومت و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے اوجھل نہیں ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بیخ کنی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ان کے ساتھ سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ نہیں کیا جاتا جو ان عناصر کو فکری و مالی معاونت فراہم کرتے ہیں۔

ملک میں کالعدم مذہبی جماعتوں کو نام بدل کر کام کرنے کی اجازت قطعاًً حاصل نہیں ہونی چاہیے۔ایسے عناصر کو سیاسی دھارے میں شامل کرنے کے نتائج ملکی تباہی کے سوا اور کچھ نہیں ہیں۔انہوں نے معروف سماجی شخصیت نوحہ خواں ساجد جعفری کے برادر نسبتی محمدعلی رضوی کے اہل خانہ سے اس اندہوناک واقعے پر تعزیت کا اظہار کیااور آرمی چیف، چیف جسٹس، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز،کورکمانڈر سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کاا من وسکون تباہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کو فوری طور پر نشان عبرت بنایا جائے۔

واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کی فوری گرفتار ی سمیت عبرت ناک سزا کا مطالبہ کیا ہے۔دریں اثناء شہید پولیس اہلکار محمد علی کی نماز جنازہ مسجد و امام بارگاہ شاہ کربلا اولڈ رضویہ سو سائٹی گولیمار میں ادا کی گئی جس میں سینکٹروں عزاداروں نے شرکت کی جبکہ شہید کی تدفین وادی حسین قبرستان سپر ہائی وے پر کی گئی ۔