14اگست قوم کی لازوال قربانیون کی یاددلاتاہے جوہم نے یہ ملک حاصل کرنے کی جدوجہدمیں دی ہیں،ڈاکٹر فرح مسعود

نوجوانوں کو آگاہ ہونا چاہیے کہ یہ آزادی ہمیں طشتری میں نہیں ملی،انہیں قوم کا وارث ہونے کے ناطے اس کی سالمیت ‘ ترقی او راستحکام کیلئے جان جوکھوں سے محنت کرنی چاہیے،کمشنر سرگودھا

جمعہ 14 اگست 2020 21:00

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2020ء) کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ 14اگست کا دن ہمیں ہماری قوم کی لازوال قربانیون کی یاددلاتاہے جوہم نے یہ ملک حاصل کرنے کی جدوجہدمیں دی ہیں۔تحریک آزادی ہمارے اسلاف ‘پیروجواں ‘ مردوزن کے خون او رعزت وآبرو کی قربانی سے عبارت ہے۔ ہمارے نوجوانوں کو آگاہ ہونا چاہیے کہ یہ آزادی ہمیں طشتری میں نہیں ملی۔

لہذا انہیں قوم کا وارث ہونے کے ناطے اس کی سالمیت ‘ ترقی او راستحکام کیلئے جان جوکھوں سے محنت کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ہال کمپنی باغ میں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ ‘ ڈی پی او فیصل گلزار ‘ اے ڈی سی جی بلال فیروز ‘ صدر مرکزی انجمن تاجران شہر و ضلع شیخ ندیم خاور، ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ، کے علاوہ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہا کہ خودی آزادی کا منبہ ہے غلام قوموںمیں خودی کا عنصر نمودار نہیں ہوسکتا۔ آزادی کے اس تاج کو سروں پرہمیشہ کیلئے قائم رکھنے کیلئے ہمیں بھر پور جدوجہداور محنت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ قائد اعظم محمد علی جناح او رعلامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے درد کو محسوس کیا اور انہیں پاکستان کی صورت میں خوبصورت تحفہ دیا۔

انہوںنے کہا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کا دن بڑی شان وشوکت سے مناتی ہیں۔ہمیں اپنے بچوں کو جدوجہد آزادی سے آگاہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر فردملت کا ستارہ ہے او رہر فرد کو اپنی ذمہ داریاں اپنے عہدے او رمرتبے کے مطابق ادا کرنی چاہیے۔ کمشنر نے شہریوں پر زور دیاکہ وہ شہری مسائل کے ازالے کیلئے ریاستی اداروں سے تعاون کریں۔انہوں نے سرکاری ملازمین پر بھی زور دیاکہ وہ تعمیر پاکستان میں اپنا آئینی کردار ادا کریں۔

انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ملک کو سرسبز وشاداب بنانے او رماحولیاتی آلودگی سے چھٹکارا کیلئے اپنے حصے کے پودے ضرور لگائیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے۔ آزادی کا تحفظ کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہرسال اپنی آزادی کاجشن مناتے ہیں۔اس سال ہمارے جذبے میں کوئی کمی نہیں ہے لیکن دنیا بھر کی طرح پاکستان کورونا وبائ کی گرفت میں ہے۔

کورونا وائرس کا خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا۔ جشن آزادی مناتے ہوئے ہمیں اپنے تحفظ کا احساس بھی کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے پانچ اگست 2019کومقبوضہ کشمیر میں لاک ڈا ؤن کر کے اپنی ذہنی بربریت کامظاہرہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامناہے ہمیں یہ اعادہ کرنا ہے کہ انفرادی اور مجموعی طو رپر ایک قوم بن کر ان تمام چیلنجز سے ملک کو نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اس سے بہتر کوئی او رتحفہ نہیں دے سکتے کہ ہم ایک ایک پودا لگائیں او راس دن کو بھی یاد گار بنادیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی باتوں سے نہیں عمل سے ممکن ہے۔ شہدائ تحریک پاکستان نے ہمیں جو امانت سونپی ہے اس کے استحکام او رترقی کیلئے دن رات کام کرنا ہمارے فرائض منصبی میں شامل ہے۔

تقریب میں اے ڈی سی جی بلال فیروز جوئیہ نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے مہمانان گرامی او رشہریوں کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ اور ڈی پی او فیصل گلزار کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ پولیس کے چاک وچوبند دستے نے گارڈ آف انر پیش کیا جبکہ طلبائ نے ملی نغمے گنگناکر شرکائ سے خوب داد وصول کی۔ تقریب میں شریک شہریوں نے پاکستانی او رکشمیری پرچم اٹھا رکھے گئے۔

بعدازاں کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود ‘ ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ او رڈی پی او فیصل گلزار نے کمپنی باغ میں کلین اینڈ گرین پاکستان کے سلسلہ میں پودے لگائیں اور شہریوں میں شجرکاری بارے شعور اجاگر کرنے کیلئے ریلی کی قیادت کی۔ریلی میں سرکاری افسران وملازمین او رشہریوں نے بڑی تعدا د میں شرکت کی