سرحدچیمبر میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب

پاکستان کی سلامتی ،ْ امن و امان کے قیام اورملک کی معاشی ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی

جمعہ 14 اگست 2020 21:10

سرحدچیمبر میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2020ء) پاکستان کی73ویں یوم آزادی کے موقع پرسرحدچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب منعقد کی گئی ۔ سرحدچیمبر کے صدرانجینئر مقصود انور پرویز نے سرحد چیمبر ہائوس میں قومی پرچم لہرایا ۔ اس موقع پرسرحدچیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین احسان اللہ ‘ نثاراللہ خان اور ‘ مظہر الحق ‘راشد اقبال صدیقی اور اشتیاق محمد سمیت صنعت و تجارت سے تعلق رکھنے والے افرادبھی موجود تھے ۔

پرچم کشائی کی تقریب میں پاکستان کی سلامتی ،ْ امن و امان کے قیام اورملک کی معاشی ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔سرحد چیمبرکے ممبران کی جانب سی73ویں یوم آزادی کے موقع پر ملی جذبے او ر روایتی جوش خروش کا مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرحد چیمبر کے صدر انجینئر مقصود انور پرویز نے پاکستان کے 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور بھارت کے ظالمانہ اقدام کی مذمت کی گئی۔

انہوں نے 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر اس عہد کی تجدید کی کہ مملکت خداداد پاکستان کی معاشی ترقی ،ْ استحکام او ر امن و امان کے قیام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے اس فرمان اتحاد ،ْ تنظیم اوریقین محکم کے عہد کی تجدید کی اور کہا کہ بانی پاکستان کے فرمودات پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم پاکستان کو ترقیافتہ ممالک کی صف میں لاکر کھڑا کریں گے۔انہوں نے نوجوان نسل کو تلقین کی کہ وہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے یکسو ہوکر محنت کریں اور اپنے ملک کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کریں