متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کیے جانے کا معاملہ، پاکستان سے پہلا اور شدید ردعمل

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے 16 اگست کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا، او آئی سی کا اجلاس بلوا کر امارات پر دباو ڈالنے کا مطالبہ

muhammad ali محمد علی جمعہ 14 اگست 2020 19:32

متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کیے جانے کا معاملہ، پاکستان ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 اگست 2020ء) متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کیے جانے کا معاملہ، پاکستان سے پہلا اور شدید ردعمل، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے 16 اگست کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا، او آئی سی کا اجلاس بلوا کر امارات پر دباو ڈالنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان طے پائے معاہدے پر جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔

سراج الحق کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے اقدام کی مذمت کی گئی ہے۔ جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے معاہدے کے خلاف اور فلسطین کے حق میں 16 اگست کو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے مزید کہا ہے کہ تمام اسلامی ممالک مل کر متحدہ عرب امارات پر دباو ڈالیں۔

او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے اور اس پلیٹ فارم سے متحدہ عرب امارات پر دباو ڈالا جائے کہ اسرائیل کیساتھ کیا گیا معاہدہ ختم کرے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات پہلا خلیجی اسلامی ملک ہے جس نے اسرائیل کو تسلیم کر کے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکا کی معاونت سے طے پائے معاہدے کے تحت اسرائیل اور متحدہ عرب امارارت کے درمیان وفود کی سطح پر جلد مذاکرات کا آغاز ہو گا۔ ان مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں کیلئے معاہدے کیے جائیں گے۔ امارات اور اسرائیل کے درمیان براہ راست پروازوں کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ جبکہ اس معاہدے کے تحت اب اسرائیل ویسٹ بینک اور وادی اردن کے علاقوں پر قبضے کا منصوبہ فی الحال ترک کر دے گا۔