خیبرپختونخوا حکومت نے سندھ حکومت کو مدد کی پیشکش کردی

سندھ میں ایمرجنسی ریسکیو سروس قائم کرنے اور ٹرانسپورٹ کے نظام کے قیام میں مدد دے سکتے ہیں: وزیر صحت خیبرپختونخوا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 14 اگست 2020 20:19

خیبرپختونخوا حکومت نے سندھ حکومت کو  مدد کی پیشکش کردی
پشاور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14اگست 2020ء) : خیبرپختونخوا حکومت نے سندھ حکومت کو مدد کی پیشکش کردی، وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے سندھ حکومت کو پیشکش کی ہے کہ سندھ میں ایمرجنسی ریسکیو سروس قائم کرنے میں مدد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسی طرح ٹرانسپورٹ کے نظام کے قیام میں بھی مدد دے سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے اے این پی اور پی پی کی جانب سے عائد کردہ الزامات کے جواب میں دعویٰ کیا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے۔

وزیر صحت نے دعویٰ کیا کہ ایمل ولی خان کی جانب سے غلط اعداد و شمار پیش کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ ہم نیوز کے مطابق تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ جب بی آر ٹی منصوبے کا آغاز ہوا تو اس وقت میں سیاست میں بھی نہیں تھا۔

(جاری ہے)

صوبہ سندھ کے حوالے سے خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ سندھ میں ایمرجنسی ریسکیو سروس قائم کرنے میں مدد کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح سندھ میں ٹرانسپورٹ کا نظام بنانے میں بھی مدد دے سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھی سندھ میں ریسکیو 1122کی طرز کی سروس قائم کرنے جارہے ہیں۔ ریسکیو سروس فائر فائٹنگ، ایمبولینس ، اربن سرچ اینڈ ریسکیو پر مشتمل ہوگی، ایمبولینس سروس امن فائونڈیشن، فائر فائٹنگ آپریشنز کے ایم سی کے ذریعے ہوگی۔

اس ضمن میں ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایاکہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تحت ہوں گے، سروسز کے لیے یونیفائیڈ کال سینٹر ہوگا، تینوں سروسز مربوط ہوں گی۔نہوں نے کہا کہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو کے لیے 7 ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، کراچی کے دو اور دیگر ڈویژن کے لیے ایک، ایک ٹیم ہوگی، اربن ریسکیو کی ٹیم عالمی معیار کے مطابق 60 سے 62 افراد پر مشتمل ہوگی۔