کراچی میں جشن آزادی کا جشن منانے کی خواہش 2 بچوں کی جان لے گئی

شہر قائد کے علاقے آئی سی آئی پل کے قریب موٹرسائیکل پر سوار 5 بہن بھائی افسوسناک حادثے کا شکار ہوگئے، حادثہ کار کی ٹکر اور موٹرسائیکل چلانے والے ناتجربہ کار بچے کی وجہ سے پیش آیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 15 اگست 2020 00:31

کراچی میں جشن آزادی کا جشن منانے کی خواہش 2 بچوں کی جان لے گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست2020ء) کراچی میں جشن آزادی کا جشن منانے کی خواہش 2 بچوں کی جان لے گئی، شہر قائد کے علاقے آئی سی آئی پل کے قریب موٹرسائیکل پر سوار 5 بہن بھائی افسوسناک حادثے کا شکار ہوگئے، حادثہ کار کی ٹکر کی وجہ سے پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر آزادی کی خوشیوں کا حصہ بننے، جشن منانے کے خواہش مند بچے کراچی میں ایک افسوسناک حادثے کا شکار ہوگئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ کراچی میں جمعہ کی شب کو 5 کم سن بچے ایک موٹرسائیکل پر آزادی کے جشن میں شرکت کیلئے گھر سے نکلے۔ بچے جشن آزادی کی مناسبت سے تیار ہو کر گھر سے نکلے، تاہم آئی سی آئی پل کے علاقے میں ان بچوں کی موٹرسائیکل افسوسناک حادثے کا شکار ہوگئی۔ ایک کار کی ٹکر کی وجہ سے موٹرسائیکل پھسل گئی جس کی وجہ سے ایک 14 سالہ لڑکا عمر اور ایک 3 سالہ بچہ اویس جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ 3 بچے شدید زخمی ہوئے۔ پولیس کا بتانا ہے کہ موٹرسائیکل چلانے والا 14 سالہ بچہ ناصرف کم عمر بلکہ ناتجربہ کار بھی تھا، جس کی جانب سے موٹرسائیکل تیز چلانے کی کوشش کی گئی، اور اسی دوران موٹرسائیکل ایک کار سے ٹکرا گئی۔