عمان میں رات کا کرفیو ختم کر دیا گیا

آج سے رات کو باہر نکلنے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 15 اگست 2020 16:03

عمان میں رات کا کرفیو ختم کر دیا گیا

عمان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اگست 2020ء) عمان میں رات کا کرفیو ختم کر دیا گیا ہے۔ تاہم لوگوں کو سماجی فاصلے اور کورونا گائیڈ لائنز پر پوری طرح عمل کرنا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق آج عمان کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ رات کے وقت کا کرفیو ختم کر دیا جائے گا۔ یہ فیصلہ مملکت میں گزشتہ چند روز کے دوران کورونا کیسز میں کمی آنے کے بعد لیا گیاہے۔

اومانی مملکت کی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی نے بتایا ہے کہ اب لوگ رات کے وقت بھی باہر نکل سکیں گے۔ کرفیو کے اوقات گزشتہ ہفتے گھٹا دیئے گئے تھے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے مقامی اور تارکین نے بھرپور تعاون کیا اور کورونا گائیڈ لائنز کی بھی پابندی کی۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے کرفیو کی پابندی پر عمل کیا ۔

(جاری ہے)

جس کے باعث سماجی میل جول کم ہونے سے کورونا پر قابو پانے میں بڑی مدد ملی ہے۔

مملکت میں کورونا کے مریض خاصے کم ہو گئے ہیں۔ اُمید ہے اگلے چند روز میں کورونا کے یومیہ کیسز میں مزید کمی ہو جائے گی۔ اگرچہ رات کا کرفیو ختم کر دیا گیا ہے تاہم لوگوں کو ماسک پہننے، بار بار ہاتھ دھونے اور سماجی فاصلے کی گائیڈ لائنز پر مکمل طور پر عمل کرنا ہو گا۔ واضح رہے کہ عمان میں اب تک کورونا کے 82,743 کیسز ہو چکے ہیں جن کے نتیجے میں 557 افراد موت کے گھاٹ اُتر چکے ہیں۔

7 اگست 2020ء کو عمانی حکام نے صوبوں کے درمیان سفر پر عائد دو ہفتے کی پابندی ہٹا لی تھی۔ جس کے بعد ملازمت پیشہ افراد کو ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں جانے کی آزادی مل گئی۔دوسری جانب عمانی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ عمان میں مقیم افراد کورونا کے علاج کے اشتہاروں پر توجہ نہ دیں کیونکہ بہت سے جعلساز اور فراڈیئے کورونا کے علاج کے نام پر لوگوں کی لُوٹ مار کر رہے ہیں۔

رائل عمان پولیس (آر او پی) نے اپنے پیغام میں شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کوویڈ 19کے علاج معالجے کی فراہمی کا دعویٰ کرنے والے اشتہارات پر ہرگز دھیان نہ دیں ۔ یہ بات رائل عمان پولیس نے اپنے ایک آن لائن جاری بیان میں کہی۔آر او پی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل انکوائریز اینڈ انویسٹی گیشن نے مختلف ذرائع ابلاغ اور اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایسے اشتہارات جو کورونا وائرس کے علاج سے متعلق ہیں عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان پر یقین نہ کریں۔

کیونکہ مختلف طریقوں سے کورونا وائرس کے علاج کا دعویٰ کرنے والے عوام کو گمراہ کررہے ہیں، لہٰذا شہری ایسے جعل سازوں اور دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں اور احتیاط سے کام لیتے ہوئے ان اشتہارات پر کوئی دھیان نہ دیں۔