نریندر مودی چلبل پانڈے بننے آیا تھا، کھل نائیک بن گیا،

اپوزیشن سے ڈھیل یا ڈیل کی باتیں بے بنیاد ہیں، اے پی سے دراصل الائیڈ پارٹیز فار کرپشن کیلئے تہتر کے آئین کے تناظر میں دو نمبریاں کرنے کا جواز ہے، صو بائی وزیر اطلاعات

ہفتہ 15 اگست 2020 16:29

نریندر مودی چلبل پانڈے بننے آیا تھا، کھل نائیک بن گیا،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2020ء) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر یوم سیاہ منانے کا مقصد ساری دنیا کے سامنے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور نام نہاد بھارتی سیکیولرزم کی حقیقت آشکار کرنے کی کوشش ہے، اس خطے کے ہٹلر نریندر مودی کی قیادت میں انتہا پسند جماعت بی جے پی اور آر ایس ایس آج پاکستان، نیپال، بھوٹان اور برما سمیت عالمی امن کے لیے خطرہ اور غیر یقینی کا استعارہ بن چکی ہے، ان خیالات کا اظہار وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے الحمرا آرٹ گیلری میں یومِ سیاہ کے حوالے سے لگائی گئی تصاویری نمائش کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان کو ضمانت عدالتوں سے مفرور، تاحیات نااہل میاں نواز شریف کی صحت کی خرابی کی وجہ سے دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے ڈھیل یا ڈیل کی باتیں بے بنیاد ہیں، میاں نواز شریف سمیت تمام مفرور ملزمان اور مجرمان کو ایف آئی اے، عدالتوں اور حکومت کی مشترکہ کوششوں سے جلد پاکستان واپس لایا جا ئے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہر وقت "ووٹ کو عزت دو" کا راگ الاپنے والی اپوزیشن کو اب چاہیے کہ عوام کے اعتماد اور لاکھوں ووٹ لے کر متخب ہونے والے وزیرِ اعظم عمران خان، وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، فیاض الحسن چوہان سمیت حکومت کے سامنے کورنش بجا کر تعظیم کرے اور خاموشی سے آئندہ تین سال اسمبلیوں میں اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و استحکام اور بائیس کروڑ عوام کے پیچھے وردی ہے، یہ وردی نہ ہو تو ہر شعبے میں چھپے کلبھوشن یادیو جیسے ایکٹر اورکیریکٹر ملک کو تباہ کر دیں۔ آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اے پی سے دراصل الائیڈ پارٹیز فار کرپشن کے لیے تہتر کے آئین کے تناظر میں 47 قسم کی دو نمبریاں کرنے کا جواز ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر متحدہ اپوزیشن کا سارا کچا چٹھہ مولانا فضل الرحمان کی دو روزہ بروکری اور ایجنٹی کے نتیجے میں شہباز شریف اور بلاول زرداری کی گزشتہ پریس کانفرنس کے آخری دو منٹ میں کھل کر سب کے سامنے آ گیا۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ن لیگی نرگسیت کا عالم یہ ہے کہ ن لیگی قیادت کو نیب پیشیوں پر بلایا جا ئے تو یہ جمہوریت، ریاست، پارلیمانی نظام اور اٹھارویں ترمیم کی تباہی و بربادی کا شور مچانا شروع کر دیتے ہیں۔

دوسری جانب سردار عثمان بزدار کی نیب حاضری پر کسی حکومتی رکن کی جانب سے کسی ریاستی و آئینی ادارے کے خلاف منفی پراپیگنڈہ نہیں کیا گیا۔ نریندر مودی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ملک کا سربراہ برملا اقرار کرتا ہے کی 1971 میں اس نے مکتی باہنی کے کارکن کے طور پر پاکستان کو دولخت کرنے میں حصہ لیا، یہی انتہا پسندی اس ملک کا طرہ امتیاز ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نریندر مودی چلبل پانڈے بننے آیا تھا لیکن کھل نائیک بن گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے پاکستان کے نقشے میں کشمیر کو شامل کر کے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستانیوں کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت دہشت گردی اور انتہا پسندی کی بجا ئے اپنے شہریوں کو روزگار، صحت اور تعلیم کی سہولیات دینے کی فکر کرے، 75 کروڑ سے زائد بھارتی آج بھی صبح وشام کھیتوں اور ریل کی پٹڑیوں پر سرجیکل سٹرائیک کرتے ہیں، بھارت میں روزانہ 64 ہزار سے زیادہ کورونا کیسز سامنے آ رہے ہیں جبکہ پاکستان میں یہ تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔