ایف اے ٹی ایف کے27 میں سے 14 ایکشن آئٹمز مکمل کرلئے، پوری کوشش ہے پاکستان کوجلد سے جلد گرے لسٹ سے نکالا جائے، حماد اظہر

عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کررہے ہیں، حکومتی اقدامات کے باعث موڈیزنے رینکنگ بہترکی ہے: وفاقی وزیر

ہفتہ 15 اگست 2020 18:10

ایف اے ٹی ایف کے27 میں سے 14 ایکشن آئٹمز مکمل کرلئے، پوری کوشش ہے پاکستان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2020ء) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے27 میں سے 14ایکشن آئٹمز مکمل کرلئے ہیں، حالیہ قانون سازی سے فیٹف سے متعلق اقدامات میں مدد ملے گی ،پوری کوشش ہے کہ پاکستان کو جلد سے جلد گرے لسٹ سے نکالا جائے ،عالمی ادارے بھی معاشی بہتری کااعتراف کررہے ہیں،حکومتی اقدامات کے باعث موڈیزنے رینکنگ بہترکی،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، دوست ممالک کو رقوم شیڈول کے مطابق ہی واپس ہو رہی ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا ، اگر ملک دیوالیہ ہو جاتا تو اس کے بعد بڑی تباہی آتی ۔

(جاری ہے)

حکومت نے معیشت کی بحالی کے لئے مشکل فیصلے کئے جن کے نتائج بھی برآمد ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ فروری 2018ء میںپاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کیا گیا،فیٹف کی27میں سی14ایکشن آئٹمز مکمل کرلئے ہیں،حالیہ قانون سازی سے فیٹف سے متعلق اقدامات میں مدد ملے گی ،پوری کوشش ہے کہ پاکستان کو جلد سے جلد گرے لسٹ سے نکالا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کو درست میں لانے کے لئے سخت فیصلے کئے ،آج گاڑیوں اور اور سیمنٹ کی فروخت بڑھ رہی ہے ،حکومتی اقدامات کی بدولت ہی موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ بہتر کی ۔انہوںنے کہا کہ احساس ہے کہ مہنگائی ہے ،کورونا وائرس کی وباء کے دوران کاروباری طبقے کو بجلی اور گیس کے بلوں میں چھوٹ دی گئی ، مہنگائی میں کمی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ مودی سرکاری پوری دنیا میں بے نقاب ہو چکی ہے،ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑتے رہیں گے، کشمیریوں کی سفارتی ، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے حوالے سے کہا کہ تمام برادر انہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھی اچھے اور مثالی تعلقات ہیں،دوست ممالک کو رقوم شیڈول کے مطابق ہی واپس ہو رہی ہیں۔