پنجاب میں کورونا کی نئی لہر کا خدشہ

صوبے میں کرونا وائرس کے 188نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبے بھر میں وبا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد95,391 ہوگئی ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 16 اگست 2020 15:08

پنجاب میں کورونا کی نئی لہر کا خدشہ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اگست 2020ء) : پنجاب میں کورونا کی نئی لہر کا خدشہ، نئے کیسز سامنے آگئے، صوبے میں کرونا وائرس کے 188نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبے بھر میں وبا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد95,391 ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کرونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 95391 ہوگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے دو مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد اموات کی کل تعداد 2,182 ہوچکی ہے۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کی تازہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں اب تک824,1250ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، کرونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 87,441 ہو چکی ہے۔ کورونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز کی دھجیاں اڑائے جانے کی شکایات سامنے آگئیں، محکمہ صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

(جاری ہے)

عوام کی غیرسنجیدگی اور سرکاری اداروں کی مجرمانہ خاموشی کی شکایات کے خلاف محکمہ صحت نے ہاتھ کھڑے کر دیئے پنجاب میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ گیاہے۔

اس حوالے سے محکمہ صحت نے حکومت کو خبردار کر دیاہے محکمہ صحت نے اس ضمن میں تمام اضلاع کی انتظامیہ اور متعلقہ پولیس افسران کو خط لکھ دیا ہے جس میں کرونا وائرس کے دوبارہ حملہ آور ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ تمام اضلاع میں متعلقہ پولیس اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کرونا وائرس کے ایس او پی پر عملدرآمد کرانے میں بری طرح ناکام ہو گئے ہیں اور عوام بھی لاپرواہی اور غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ مارکیٹوں، شاپنگ مالز اور بازاروں میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا عوامی مقامات پر شہری بغیر ماسک کے گھوم رہے ہیں۔ بے احتیاطی سے کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کا خدشہ ہے۔