تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام 7ستمبر کو سالانہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، علامہ ڈاکٹر محمد شفیق امینی

منگل 18 اگست 2020 21:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2020ء) تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام 7ستمبر بروز پیر چوک یادگار پشاورمیں عظیم الشان سالانہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں خصوصی خطاب مرکزی امیر تحریک لبیک پاکستان شیخ الحدیث علامہ حافظ خادم حسین رضوی کریں گے ۔ اس حوالے سے تحریک لبیک خیبرپختونخوا کے امیر علامہ ڈاکٹر محمد شفیق امینی اور ناظم اعلیٰ ملک فلک نیاز نے کارکنوں کو بھر پور تیاریاں کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔

(جاری ہے)

علامہ شفیق امینی کے مطابق پشاور کی تاریخ میں یہ بہت بڑی کانفرنس ہوگی جس میں ہزاروں کی تعداد میں کارکنان شرکت کریں گے ۔اس کے علاوہ کانفرنس میں پشاورشہر سمیت نواحی علاقوں اور دیہات سے بھی بڑی تعداد میں عوام کو شرکت کی دعوت دی جائے گی ۔کانفرنس میں صوبے بھر سے کارکنان شریک ہونگے ۔کانفرنس کے انعقاد کیلئے تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں اور کارکنوں کو متحرک کر دیاگیا ہے ۔دوسری جانب تحریک لبیک کے مرکزی امیر علامہ خادم حسین رضوی کی پشاورآمد اور ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کے حوالے سے پشاورسمیت صوبے بھر میں تحریک لبیک کے کارکنان میں جوش و جذبہ مزید بڑھ گیا ہے