پاکستان پیپلزپارٹی نے مشرف اور ضیاء الحق کی باقیات کیخلاف تاریخ ساز جہد وجہد کی، قمر زمان کائرہ

جمعرات 20 اگست 2020 17:51

پاکستان پیپلزپارٹی نے مشرف اور ضیاء الحق کی باقیات کیخلاف تاریخ ساز ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2020ء) لاہور(اے پی پی) پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی سب سے بڑی سیاسی یونیورسٹی ہے ،پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مشرف اور ضیاء الحق کی باقیات کیخلاف تاریخ ساز جہد وجہد کی، ضیاء الحق کے بدترین مارشل لاء دور میں پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالوں کو 85 ہزار کوڑے مارے گئے، شاہی قلعہ میں قید وبند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے پاکستان کے جیالوں کو سلام پیش کرتا ہوں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں چیئرمین جموں کشمیر ہیومن رائٹس کمیشن ہمایوں زمان مرزا کی پیپلزپارٹی میں طویل جہدوجہد پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں چوہدری منظور احمد، چوہدری اسلم گل اور پیپلزپارٹی گوجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور لاہور کے عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

قمر زمان کائرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ہمایوں زمان مرزا جیسے بہادر نظریاتی جیالے پر فخر ہے، 30 سالوں سے پاکستان پیپلزپارٹی کے ترنگے جھنڈے کو ہمیشہ سر بلند رکھا ، مارشل لاء دور کی بات ہو، جمہوریت کی جہدوجہد ہو عدلیہ کی بحالی، میڈیا کی آزادی اور انسانی حقوق کے لیئے ان کی بڑی خدمات ہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت اور جیالوں کو ہمایوں زمان مرزا جیسے پڑھے لکھے دانشور جیالے پر فخر ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقارعلی بھٹو شہید نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ڈنکے کی چوٹ پر کہا تھا کہ ہم کشمیر کی آزادی کیلئے ایک ہزار سال تک جنگ لڑیں گے، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے پہلی مرتبہ مقبوضہ جموں کشمیر کی اعلی قیادت کو اقوام متحدہ میں نمائندگی کا حق دلایا۔ انہوں نے کہا شہید ذوالفقارعلی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان اور کشمیریوں کے عظیم محسن تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظور احمد نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں اور لیڈر شپ نے تاریخی جہد وجہد اور قربانیوں کی داستان رقم کی ہیں ، ہمایوں زمان مرزا جیسے جیالے جس جماعت میں ہوں اس کا کوئی راستہ نہیں روک سکتا، اس موقع پر ہمایوں زمان مرزا نے کہا ہے کہ مجھے فخر ہے کہ میںپاکستان پیپلزپارٹی سے وابستہ ہوں جلیں بھی کاٹیں، ماریں بھی کھائیں،قید وبند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں لیکن شہید ذوالفقارعلی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نظریات افکار کو ہمیشہ بلند رکھا۔

ہمایوں زمان مرزا نے اپنی قیادت کو یقین دلایا کہ وہ ہمشہ پارٹی کیساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔